مکہ: مطاف کی مکمل صفائی اور دھلائی 20 منٹ میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-01-2023
مکہ: مطاف کی مکمل صفائی اور دھلائی 20 منٹ میں
مکہ: مطاف کی مکمل صفائی اور دھلائی 20 منٹ میں

 

 

مکہ: سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ مسجد الحرام اور مطاف کا صحن روزانہ دس بار دھلوانے کا اہتمام کر رہی ہے۔ یہ کام 20 منٹ میں مکمل کرلیا جاتا ہے۔ سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام اور مطاف کے صحن کی صفائی اور دھلائی کے لیے چار ہزار کارکنان شفٹوں میں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں۔ مسجد الحرام میں قالین اور صفائی ادارے کے انچارج جابرالوداعانی نے بتایا کہ ’صفائی اور دھلائی کا کام تربیت یافتہ ہنرمند عملے کی مدد سے کیا جا رہا ہے۔ اس کا باقاعدہ ایک سسٹم ہے۔ صفائی اور دھلائی کے کام میں جدید مشینیں استعمال کی جاتی ہیں‘

جابرالوداعانی نےکہا کہ ’مطاف کے صحن کی دھلائی کے آلات الگ ہیں جبکہ صفا اور مروہ کی دھلائی کے لیے مختلف مشینیں استعمال ہوتی ہیں۔ بیرونی صحنوں، مصلوں اور الیکٹرانک زینوں کی صفائی کا کام خاص مشینوں سے کیا جاتا ہے‘۔ انہوں نے کہاکہ ’صفائی کا کام تیزی سے اور فنکارانہ انداز سے کیا جاتا ہے۔ بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ طواف معطل نہ ہو اور سعی کا سلسلہ جاری رہے۔ مطاف کی مکمل صفائی اور دھلائی کا کام 20 منٹ میں مکمل کرلیا جاتا ہے‘