ٹوکیو/ آواز دی وائس
شمالی جاپان کے سمندری ساحل کے قریب پیر کی دیر رات 7.5 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس زلزلے میں 33 افراد زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ بحرالکاہل سے متصل علاقوں میں سنامی کی لہریں بھی دیکھی گئیں۔ حکام نے مزید طاقتور جھٹکوں کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔
جاپانی حکومت اب تک سنامی کی لہروں اور دیر رات آئے زلزلے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہی ہے۔ یہ زلزلہ رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے بحرالکاہل میں آیا۔ زلزلے کا مرکز مین ہونشو جزیرے کے شمالی حصے میں آؤموری کے ساحل سے تقریباً 80 کلومیٹر دور سمندر میں تھا۔
ہچینوہے شہر میں ایک چھوٹی دکان کے مالک نوبوئو یامادا نے نشریاتی ادارے این ایچ کے سے کہا کہ میں نے کبھی اتنی شدید ہلچل محسوس نہیں کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے ان کے علاقے میں بجلی کی لائنوں میں کوئی خرابی نہیں آئی۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق ایواٹے صوبے میں اور آؤموری کے جنوب میں واقع کوجی بندرگاہ میں تقریباً 70 سینٹی میٹر (2 فٹ 4 انچ) اونچی سنامی ریکارڈ کی گئی۔ دیگر ساحلی علاقوں میں لہروں کی اونچائی 50 سینٹی میٹر تک پہنچی۔
فائر فائٹنگ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ 33 افراد زخمی ہوئے، ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ این ایچ کے کے مطابق زیادہ تر لوگ سامان گرنے سے زخمی ہوئے۔ ہچینوہے کے ایک ہوٹل میں بھی کئی لوگ زخمی ہوئے، جبکہ توہوکو میں ایک شخص اس وقت معمولی زخمی ہوا جب اس کی گاڑی ایک گڑھے میں گر گئی۔
موسمیاتی ایجنسی نے زلزلے کی شدت 7.5 بتائی، جو پہلے اندازے 7.6 سے کم ہے۔ شروع میں چند علاقوں میں 3 میٹر (10 فٹ) تک سنامی کے خطرے کی وارننگ جاری کی گئی تھی، لیکن بعد میں اسے ایڈوائزری میں بدل دیا گیا۔
۔800 گھروں میں بجلی بند، شنکانسن بلٹ ٹرینیں منسوخ
چیف کابینہ سیکریٹری مینو کیہارا نے لوگوں سے اپیل کی کہ جب تک ایڈوائزری ختم نہ ہو جائے اونچی جگہوں پر جائیں یا محفوظ پناہ گاہوں میں رہیں۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً 800 گھروں میں بجلی نہیں تھی۔ اس کے علاوہ شنکانسن بلٹ ٹرینیں اور کچھ مقامی ریل سروسز بھی کئی علاقوں میں منسوخ کر دی گئیں۔
ایٹمی توانائی کے پلانٹس کی سیکیورٹی جانچ
کیہارا نے بتایا کہ علاقے کے ایٹمی توانائی کے پلانٹس سیکیورٹی چیک کر رہے ہیں۔ ایٹمی ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ آؤموری کے روکّاشو فیول ری پروسیسنگ پلانٹ میں استعمال شدہ ایندھن کو ٹھنڈا رکھنے والے حصے سے 450 لیٹر (118 گیلن) پانی رس گیا، مگر یہ مقدار خطرے کی حد سے کم تھی، اس لیے کوئی حفاظتی مسئلہ نہیں ہے۔
۔480 افراد نے ہچینوہے ایئر بیس میں پناہ لی: وزیر دفاع
وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی نے بتایا کہ تقریباً 480 رہائشیوں نے ہچینوہے ایئر بیس میں پناہ لی ہے اور فوج کے 18 ہیلی کاپٹرز نقصان کا جائزہ لینے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
نقصان کے جائزے کے لیے ایمرجنسی ٹیم تشکیل: وزیر اعظم تاکائچی
این ایچ کے کے مطابق تقریباً 200 مسافر رات بھر نیو چٹوسے ہوائی اڈے پر پھنسے رہے۔ وزیر اعظم سانے تاکائچی نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر نقصان کے جائزے کے لیے ایک ہنگامی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے پہلی ترجیح لوگوں کی جان بچانا ہے اور ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ بعد میں انہوں نے علاقے کے لوگوں سے اپیل کی کہ مقامی حکام کی ہدایات اور تازہ ترین اپڈیٹس پر توجہ دیں۔