لندن : ’لگتا ہے نوے کی دہائی کے لاہور میں واپس آگئی‘، جمائمہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-04-2022
لندن : ’لگتا ہے نوے کی دہائی کے لاہور میں واپس آگئی‘، جمائمہ
لندن : ’لگتا ہے نوے کی دہائی کے لاہور میں واپس آگئی‘، جمائمہ

 

 

لندن : پاکستان میں سیاسی بھونچال آیا۔ حکومت گری اور اپوزیشن اتحاد نے اقتدار سنبھال لیا ۔لیکن  اس کا اثر سات سمندر پار برطانیہ تک محسوس ہورہا ہے ۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کا کہنا ہے کہ ان کے گھر کے باہر ہونے والے احتجاج نے انہیں 90 کی دہائی کے لاہور کی یاد دلا دی۔

جمعے کو ایک ٹویٹ میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کی ٹویٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے گھر کے باہر احتجاج، میرے بچے ہدف اور سوشل میڈیا پر یہودی مخالف بدتمیزی۔۔۔ ایسا لگ رہا ہے میں 90 کی دہائی کے لاہور میں واپس آگئی ہوں۔اس سے قبل عابد شیر علی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے نامناسب الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’اتوار کو لندن میں عمران نیازی کی سابقہ اہلیہ کے گھر کے باہر احتجاج ہوگا۔

واضح رہے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف اس وقت لندن میں مقیم ہیں اور ان کے گھر کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کئی احتجاجی مظاہرے کرچکے ہیں۔ پچھلے اتوار کو ایسا ہی ایک احتجاج برطانیہ میں لندن کے پارک لین روڈ پر منعقد کیا گیا تھا۔ یہ وہی پارک لین روڈ ہے جہاں ایون فیلڈ اپارٹمنٹ یعنی سابق وزیراعظم نواز شریف کا گھر بھی واقع ہے۔ لندن میں مقیم صحافیوں کے مطابق برطانیہ میں پی ٹی آئی نے لندن میں امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پھر وہ احتجاج کرنے ایون فیلڈ فلیٹس آگئے۔