بوسہ بازی مہنگی پڑی،برطانوی وزیر صحت کو دینا پڑا استعفیٰ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-06-2021
بوسہ لینے والی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوگئی تھیں
بوسہ لینے والی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوگئی تھیں

 

 

لندن

برطانوی ہیلتھ سیکرٹری میٹ ہینکاک عہدے سے مستعفی ہوگئے، ہینکاک پر سماجی دوری کی خلاف ورزی کرنے پر استعفیٰ دینے کے لیے دباؤ تھا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میٹ ہین کاک نے اپنا استعفیٰ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو پیش کردیا ہے۔ بورس جانسن نے میٹ ہینکاک کے استعفے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ان کی خدمات پر فخر ہے۔

برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک اور ان کی معاون گینا کولاڈ اینجلو کی ایک دوسرے کو بوسہ لینے والی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوگئی تھیں جس کے بعد وزیر صحت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق برطانوی اخبار نے میٹ ہینکاک اور گینا کولاڈ اینجلو کی ویڈیو اور تصاویر شائع کیں جو ممکنہ طورپر 6 مئی کو سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل کی گئی ہیں۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے میٹ ہینکاک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کورونا وبا کے دوران سماجی دوری کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ ویڈیو محکمہ صحت کی عمارت کے اندر ہی کی ہے۔

اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کا مؤقف ہے کہ کورونا ایس او پیز حکومت نے طے کی ہیں اور وزیر صحت کی جانب سے اس کی خلاف ورزی شرمناک فعل ہے۔

خیال رہے کہ گینا کولاڈ اینجیلو اور میٹ ہینکاک آکسفورڈ یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ ریڈیو اسٹیشن میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، انہیں گزشتہ ستمبر کو وزیر صحت کا معاون مقرر کیا گیا تھا۔ میٹ ہینکاک اور گینا کولاڈ اینجلیو دونوں ہی شادی شدہ ہیں اور دونوں کے 3،3 بچے ہیں۔ (ایجنسی ان پٹ )