خامنہ ای:ایران کی تیارکردہ’برکت‘ ویکسین لی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2021
آیت اللہ علی خامنہ ای
آیت اللہ علی خامنہ ای

 

 

 تہران :ایران کے سپریم لیڈر نے اپنے ہی ملک میں تیار کی گئی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوا لی ہے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای غیرملکی ویکسین نہیں لگوانا چاہتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ایران کی تیار کردہ ویکسین کے لیے انتظار کیا کیونکہ ہمیں اس اعزاز پر فخر ہونا چاہیے۔

جنوری میں خامنہ ای نے امریکی اور برطانوی ویکسین درآمد کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی، جسے مغرب پر عدم اعتماد کا اظہار کہا گیا تھا۔ایران کی فارما کمپنی شفافارمڈ نے غیرموثر وائرس کو بنیاد بنا کر کووایران برکت ویکسین تیار کی ہے۔ویکسین کے محفوظ اور موثر ہونے سے متعلق پہلا جائزہ گزشتہ دسمبر میں شروع کیا گیا تھا۔

 مشرق وسطی میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک ایران نے ضرورت کے مطابق ویکسین منگوانے میں مشکلات کے باعث گزشتہ ہفتے اپنی تیار کردہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔ایران کی جانب سے ابھی تک اپنی ویکسین کے موثر ہونے سے متعلق ڈیٹا شائع نہیں کیا گیا ہے تاہم دعوی کیا گیا ہے کہ مقامی طور پر تیار کی گئی ویکسین لگوانے والے مہلک وائرس کے مقابل 85 فیصد تک قوت مدافعت حاصل کر رہے ہیں۔

 ایرانی حکام کے مطابق جمعہ کے روز کورونا وائرس سے ہونے والی یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 115 سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزشتہ برس وبا شروع ہونے کے بعد سے اب تک 83 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کی خاتون ترجمان سما سادات لاری کا کہنا ہے کہ 10 ہزار 820 نئے کورونا کیسز کے بعد ملک میں کورونا کا شکار کل افراد کی تعداد 31 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

 ترجمان کے مطابق 1397 افراد وائرس کی وجہ سے اب بھی ہسپتالوں میں ہیں جب کہ 3219 کی حالت زیادہ خراب ہے۔ اب تک وبا سے تندرست ہونے والوں کی تعداد 28 لاکھ 9595 ہے۔