یروشلم :عمر رسیدہ فلسطینی کی ہلاکت، اسرائیلی فوجیوں کو سزا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
یروشلم :عمر رسیدہ فلسطینی کی ہلاکت، اسرائیلی فوجیوں کو سزا
یروشلم :عمر رسیدہ فلسطینی کی ہلاکت، اسرائیلی فوجیوں کو سزا

 

 

یروشلم :اٹھتر سالہ فلسطینی نژاد امریکی شہری عمر اسد کو مبینہ طور پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک کار سے زبردستی نکال کر آنکھوں پر پٹی باندھی اور گھسیٹتے ہوئے ایک مقام تک لے گئے۔ عمر اسد فلسطینی علاقے جلیلیا میں پیدا ہوئے تھے اور ویسٹ بینک کے اسی قصبے میں قائم چیک پوائنٹ پر اسرائیلی فوج نے روکا تھا۔ وہ اُس وقت ایک کار میں سوار تھے۔

امریکا مغربی کنارے میں اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف بعد میں فوجیوں نے عمر اسد کو ایک ویران عمارت میں اوندھے منہ چھوڑ دیا اور یہ خیال کیا کہ وہ شاید سو رہا ہے جب کہ حقیقت میں ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔ یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ اسد کی موت کسی وقت ہوئی۔ جب انہیں ہسپتال پہنچایا گیا تو ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔ عمر اسد کی موت کے بعد اٹھنے والی احتجاجی صداؤں کے نتیجے میں کی جانے والی ابتدائی محکمانہ انکوائری کے بعد اسرائیلی فوج نے تین افسران کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی ہے۔

اس مناسبت سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایک سینیئر اور دو دوسرے فوجیوں کو قیادت کی ذمہ داریوں سے محروم کر دیا گیا ہے کیونکہ اٹھتر سالہ فلسطینی ان کے نامناسب سلوک کی وجہ سے زندگی سے محروم ہوا۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کی تکمیل پر معلوم ہوا کہ انہوں نے کمزور اخلاقی رویے کا مظاہرہ کیا اور بطور فوجی ہونے کے وہ فیصلے کے وقت بھی کوئی مناسب اقدام کرنے سے قاصر رہے۔

اسرائیلی فوج کے تفتیش کاروں نے عمر اسد کی ہلاکت کو ایک سنگین نوعیت کا واقعہ قرار دیا۔ یہ بھی بیان کیا گیا کہ ان تینوں فوجیوں کے خلاف ملٹری پولیس بھی فوجداری تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کی تکمیل پر ان کی سفارشات کی روشنی میں مزید اقدام کیا جائے گا۔ مرحوم عمر اسد امریکی شہری تھے اور ان کے خاندان کے کئی افراد امریکا میں مقیم ہیں۔ اسد کی موت پر امریکی وزارتِ خارجہ نے شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی حکام سے اس واقعے کی باضابطہ تفتیش کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ امریکی ریاست وسکانسن سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے دو اراکین نے صدر جو بائیڈن کی انتطامیہ سے بھی اس افسوسناک واقعے کی تفتیش کا مطالبہ کر رکھا ہے۔