نیویارک/ آواز دی وائس
وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کے روز نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش سے ملاقات کی اور موجودہ عالمی نظام، خطّے میں کشیدگی کے مراکز اور کثیرالجہتی نظام کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا۔ ایکس’ پر ایک پوسٹ میں جے شنکر نے کہا کہ وہ عالمی حالات کے بارے میں گوترش کے تجزیے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہندوستان کی ترقی کے لیے اُن کی ’’واضح اور مستقل حمایت‘‘ پر اُن کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ آج نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات ہوئی۔ موجودہ عالمی نظام اور کثیرالجہتی پر اس کے اثرات کے بارے میں ان کے تجزیے کو اہمیت دی۔ علاقائی ہاٹ اسپاٹس پر ان کی رائے بھی قابلِ قدر رہی۔ ہندوستان کی ترقی اور پیش رفت کے لیے اُن کی واضح اور مستقل حمایت کا شکریہ۔ ہندوستان میں اُن کا استقبال کرنے کا منتظر ہوں۔
یہ ملاقات جی-7 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، جہاں ہندوستان کینیڈا کی صدارت میں مدعو شراکت دار کی حیثیت سے شرکت کر رہا ہے۔ اس سے پہلے جے شنکر نے توانائی تحفظ اور اہم معدنیات سے متعلق جی-7 آؤٹ ریچ سیشن میں شرکت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ ہندوستان اپنے عالمی ساتھیوں کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کرنے کے لیے تیار ہے اور سپلائی چین میں انحصار کم کرنے اور لچک بڑھانے کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔
ہندوستانی مؤقف پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان بین الاقوامی شرکاء کے ساتھ مثبت تعاون کے لیے تیار ہے اور اس بات پر زور دیا کہ زیادہ مربوط اشتراک ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ ‘ایکس’ پر اپنے ایک اور پیغام میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے انحصار کم کرنے اور مضبوطی پیدا کرنے کی ضرورت پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی سطح پر مشاورت فائدہ مند ہے، لیکن اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ ان پر عملی میدان میں عمل درآمد ہو۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر لکھا کہ توانائی تحفظ اور اہم معدنیات پر آؤٹ ریچ سیشن میں شرکت کی اور ہندوستان کا نقطۂ نظر پیش کیا۔ انحصار کم کرنے، پیش بینی مضبوط کرنے اور لچک پیدا کرنے کی ضرورت پر گفتگو کی۔ عالمی سپلائی میں غیر یقینی صورتحال اور مارکیٹ کی رکاوٹوں کا ذکر کیا۔ مزید پالیسی مشاورت مفید ہے، لیکن اصل امتحان زمین پر عمل درآمد ہے۔ ہندوستان اس سلسلے میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری کام کے لیے تیار ہے۔
جے شنکر نے جی-7 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے ایک اور آؤٹ ریچ سیشن—جس کا موضوع سمندری سلامتی اور خوشحالی تھا—میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے سمندری تحفظ کے حوالے سے ہندوستان کے مہا ساگر وژن، بحرالہند و بحرالکاہل تعاون، اور سمندری معاملات میں بطور اوّلین ریسپانڈر ہندوستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔
‘ایکس’ پر اپنے خیالات میں انہوں نے قابلِ اعتماد اور متنوع سمندری روابط کی اہمیت، ہندوستان کی بندرگاہی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن، اور مضبوط تجارتی راستوں کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرِ خارجہ نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ سمندری اور زیرِ آب اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے بہتر ہم آہنگی ناگزیر ہے، اور یہ کہ سمندری خطرات، اقتصادی جرائم، بشمول بحری قزاقی، اسمگلنگ اور غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف گہرا عالمی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے سمندری خطے میں ہندوستان کے اوّلین ریسپانڈر کے طور پر ابھرنے، بحرالہند و بحرالکاہل میں مشترکہ مشقوں اور لاجسٹکس معاہدوں کے ذریعے ایچ اے ڈی آر شراکت داری کو مضبوط کرنے، اور عالمی تجارت اور خوشحالی میں سمندری راستوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ہندوستان کینیڈا کی صدارت میں جی-7 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں برازیل، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کے ساتھ مدعو شراکت دار کے طور پر شریک ہو رہا ہے۔
یہ مباحثے عالمی سفارت کاری میں ہندوستان کے سرگرم کردار اور تجارت، سلامتی اور ترقی جیسے کلیدی مسائل پر اس کی شمولیت کو مضبوطی سے ظاہر کرتے ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ جے شنکر کی شرکت ہندوستان کے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ کام کرنے کے ’’مستقل عزم‘‘ کی عکاسی کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جی-7 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں وزیرِ خارجہ کی شرکت اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستان عالمی چیلنجز کے حل اور بین الاقوامی فورمز میں گلوبل ساؤتھ کی آواز مضبوط کرنے کے لیے اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔