سعودی وزیر خارجہ سے جے شنکر کی ملاقات

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-07-2022
سعودی وزیر خارجہ سے جے شنکر کی ملاقات
سعودی وزیر خارجہ سے جے شنکر کی ملاقات

 

 

ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو ہندوستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر سے انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں ملاقات کی۔

وہ ان دنوں جی 20 میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے وہاں پہنچے ہوئے ہیں۔ ایس پی اے کے مطابق دونوں ملکوں کے وزرا نے ہندوستان اور مملکت کی دلچسپی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی وزیر خارجہ کے برطانوی، جرمن اور عمانی ہم منصبوں سے رابطے انہوں نے مشترکہ تعاون کے حوالے سے سعودی انڈین تعلقات کا جائزہ لیا اور دونوں ملکوں کے مفادات کے حصول میں معاون طور طریقوں کو مزید بہتر بنانے کے موضوع پر بات چیت کی۔ انہوں نے دونوں دوست ملکوں اور ان کے عوام کی خوشحالی اور مزید ترقی کے موضوع پر بھی گفت و شنید کی۔

اس موقع پر انڈونیشیا میں متعین سعودی سفیر عصام الثقفی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ جی 20 میں سعودی عرب، ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، جرمنی، فرانس، انڈیا، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، میکسیکو، روس، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، ترکی، امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین کی پریذیڈنسی شامل ہیں۔ جی 20 میں شامل ممالک عالمی تجارت کا 75 فیصد کاروبار کررہے ہیں۔