غزہ میں اسرائیل کی فائرنگ۔خاتون ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
تباہ حال غزہ
تباہ حال غزہ

 

 

اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے میں فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار فلسطینی خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر دوبارہ بمباری کردی گئی۔اسرائیل کی فوج نے کہا کہ فلسطینی خاتون نے ان پر حملے کی کوشش کی، جس پر فائرنگ کی گئی جبکہ اسرائیلی فوج کے کسی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔فلسطین کی وزارت صحت نے کہا کہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کرنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب یہودی قوم پرستوں کی بیت المقدس (یروشلم) کی طرف مارچ کے اعلان اور غزہ میں فضائی کاروائیوں کے باعث کشیدگی کا خطرہ موجود تھا۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ بیت المقدس کے شمال مشرقی قصبے ہزمہ میں فلسطینی خاتون پر فائرنگ کی گئی جس نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز پر حملہ کیا تھا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے مغربی کنارے میں کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جہاں گزشتہ ہفتے اسلامک جہاد کے ارکان سمیت دو فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ایک اور واقعے میں مزید دو فلسطینیوں کو مارا گیا تھا۔قبل ازیں اسرائیل نے فلسطین کے ساتھ گزشتہ ماہ 21 مئی کو ہونے والی جنگ بندی کی خلاف وزری کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر جنگی طیاروں سے غزہ میں متعدد حملے کیے تھے۔ گزشتہ ماہ ہونے والی جنگ بندی کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر فلسطین پر جنگی طیاروں سے حملے شروع کردیے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 10 سے 21 مئی تک اسرائیلی فضائی حملوں میں 66 بچوں سمیت 248 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 948 زخمی ہو گئے تھے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ فضائی حملے حماس کے ٹھکانے پر کیے گئے جہاں وہ تل ابیب پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

 اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان سے متعلق تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔منگل کے روز انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے مشرقی بیت المقدس یروشلم میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے مارچ کیا اور عرب مخالف نعرے لگائے تھے۔اس واقعے سے متعلق کہا جارہا ہے کہ اس کے بعد ایک مرتبہ پھر علاقے میں تشدد کو ہوا ملی ہے۔غزہ میں فلسطینیوں نے جنوبی اسرائیل میں آگ لگانے والے غبارے چھوڑے جس سے کم سے کم 10 مقامات پر معمولی آگ لگی۔

فلسطینیوں نے مذکورہ مارچ کو اشتعال انگیزی قرار دیا اور حماس نے فلسطینیوں سے پریڈ کی 'مزاحمت' کرنے کا مطالبہ کیا۔ بدترین انسانی بحران ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسرائیل کا دعویٰ تھا کہ 10 مئی سے 21 مئی تک حماس نے اسرائیل پر 3 ہزار 700 راکٹ داغے ہیں جس کے نتیجے میں ایک بھارتی اور دو تھائی شہریوں سمیت 12 افراد ہلاک اور 333 زخمی ہوئے ہیں۔

 اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ راتوں رات مسلح گروہوں نے جنوبی اسرائیل کی جانب 50 راکٹ فائر کیے جن میں سے 10 دم توڑ گئے اور غزہ کے اندر ہی گر گئے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے رات میں جنوبی غزہ میں زیر زمین حماس کے 40 اہداف کو نشانہ بنایا۔اسرائیل کی بمباری کے بعد غزہ کی 20 لاکھ آبادی، عالمی امداد کی منتظر تھی کیونکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے تھے۔ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ تقریبا 72 ہزار شہری اپنے گھروں سے نکل کر اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکولوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔