اسرائیل کے غزہ پر شدید فضائی حملے :بیت المقدس میں کشیدگی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
اسرائیل کے غزہ پر شدید فضائی حملے :بیت المقدس میں کشیدگی
اسرائیل کے غزہ پر شدید فضائی حملے :بیت المقدس میں کشیدگی

 

 

غزہ : اسرائیل لڑاکا طیاروں نے جمعرات کو علی الصبح غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے ہیں جن سے ہونے والے نقصان کے بارے میں تاحال اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

 گذشتہ سال 11 روزہ جنگ کے بعد یہ دونوں حریفوں کے درمیان سب سے شدید جھڑپ ہے۔ اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ بدھ کی شام کو غزہ سے ایک راکٹ جنوبی اسرائیلی قصبے سديروت کے ایک باغ میں گرا تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

عینی شاہدین اور سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے وسطی غزہ میں نصف شب کے بعد ’جوابی حملہ‘ کیا۔ اس کے بعد فلسطینی گروپ حماس کی جانب سے مبینہ طور پر غزہ سے اسرائیل کی جانب چار راکٹ داغے گئے۔ اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے غزہ میں ایک عسکری پوسٹ اور ایک سرنگ میں قائم کمپلیکس کو نشانہ بنایا ہے جہاں ’راکٹ انجنوں کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والا خام کیمیکل‘ موجود تھا۔

غزہ پر حکمرانی کرنے والے فلسطینی گروپ حماس نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی طیاروں پر زمین سے فضا میں راکٹ فائر کیے ہیں۔ یہ تارہ ترین جھڑپ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مقبوضہ بیت المقدس کی مسجد الاقصیٰ کا احاطہ اسرائیل اور فلسطینوں کے درمیان ایک ماہ سے تنازع کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اس جھڑپ سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی پولیس نے کٹر یہودی مظاہرین کو مشرقی بیت المقدس کے پرانے شہر میں مسلم اکثریتی علاقوں تک پہنچنے سے روک دیا تھا جس کا مقصد چار ہفتوں سے جاری جھڑپوں کے بعد بڑھتے ہوئے تشدد کو ختم کرنا تھا جس میں کم از کم 36 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گذشتہ سال بھی پرانے شہر میں کٹر یہودیوں کی جانب سے اسی طرح کے ایک احتجاج کی کال دی گئی تھی جس کے بعد حماس اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں کے بعد 11 روزہ جنگ چھڑ گئی تھی۔

بدھ کی شام ایک ہزار سے زائد یہودی مظاہرین اسرائیلی پرچم لہراتے ہوئے جمع ہوئے جن میں سے کچھ ’عرب مردہ باد‘ کے نعرے لگا رہے تھے لیکن پولیس نے انہیں دمشق گیٹ اور پرانے شہر کے مسلم محلے تک پہنچنے سے روک دیا۔ انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے متنازع قانون ساز اتمار بین گویر نے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کی جانب سے احتجاج کو دمشق گیٹ کے علاقے سے روکے جانے کے بعد مظاہرے کی قیادت کی۔