اسرائیل کی غزہ پر بمباری: دس افرادہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2022
اسرائیل کی غزہ پر  بمباری: دس افرادہلاک
اسرائیل کی غزہ پر بمباری: دس افرادہلاک

 

 

غزہ:ایک بار پھر غزہ میں ہاہا کار کا عالم ہے، اسرائیلی بمباری نے تباہی برپا کردی ہے،اسرائیلی جیٹ طیاروں کی جانب سے ہفتے کو صبح سویرے بھی غزہ میں گولہ باری کی گئی، گذشتہ روز سے جاری اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جان سے جاچکے ہیں جن میں ایک سینیئر کمانڈر اور ایک پانچ سالہ بچی بھی شامل تھی۔

اسرائیل کے فضائی حملے کے ردعمل میں فلسطینی گروپ اسلامی جہاد نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب راکٹ داغے۔ راکٹ فائر کرنے اور اسرائیلی حملوں کا سلسلہ رات بھر جاری رہا، جس سے خطرہ پیدا ہوگیا کہ مئی 2021 میں 11 دن تک جاری رہنے والی کشیدگی دوبارہ نہ شروع ہو جائے۔ حماس کے زیر انتظام علاقے میں صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں 75 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج کے ترجمان رچرڈ ہیچ نے بتایا کہ ’ہمارے اندازے کے مطابق غزہ میں کارروائی میں 15 کے قریب افراد مارے گئے۔

اسرائیل اور اسلامی جہاد دونوں نے جمعے کو ہونے والے حملے میں گروپ کے ایک اعلیٰ کمانڈر تیسیر الجعبری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ ابتدائی اسرائیلی بمباری ’اعلان جنگ‘ کے مترادف تھی، اس لیے اسرائیل کی طرف 100 سے زیادہ راکٹ چلائے گئے۔

غزہ کی سرحد پر کئی دنوں سے جاری کشیدگی کے بعد اسرائیلی وزیراعظم یائر لاپید نے کہا کہ اسرائیل کو اسلامی جہاد گروپ کی طرف سے لاحق ’فوری خطرے کے پیش نظر دہشت گردی کے خلاف پہلے سے کارروائی‘ کرنے پر مجبور کیا گیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے قومی ٹیلی پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کہا: ’اسرائیل کو غزہ میں وسیع تر جنگ میں دلچسپی نہیں ہے لیکن وہ اس سے گریز بھی نہیں کرے گا۔‘

جنوبی اور وسطی اسرائیل میں کئی مقامات پر رات بھر فضائی حملے کے سائرن بجتے رہے لیکن فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ سرحدی علاقوں میں حکام نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پناہ گاہوں کے قریب رہیں جو تجارتی دارالحکومت تل ابیب میں بھی بنائی جا رہی ہیں۔