عراق: کورونا آئسولیشن سینٹرمیں آتشزدگی۔50 ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2021
خوفناک آتشزدگی
خوفناک آتشزدگی

 

 

 بغداد:جنوبی عراق سے موصولہ خبروں کے مطابق ناصریہ کے ہسپتال میں پیر کی شب کورونا سے متاثر مریضوں کے ایک آئسولیشن سینٹر میں آگ لگنے سے کم از کم 42 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔آگ لگنے کا یہ واقع ناصریہ کے الحسین ہسپتال میں پیش آیا ہے۔ مریضوں کو وہاں سے نکالا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی وڈیوز میں ہسپتال سے گہرے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ مقامی شہری دفاع کے حکام نے آگ پر قابو پا لیا۔

 جنوبی عراق میں حکام نے ذی قار گورنریٹ میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔ چھٹی پر گئے ڈاکٹروں کو طلب کر لیا گیا۔عراق کے حکام صحت نے بتایا کہ ’تین ماہ میں عراق کے ہسپتال میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اپریل میں بغداد کے ایک ہسپتال میں لگنے والی آگ سے 82 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہوئے تھے۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدار حیدر الزامل نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’آگ کوویڈ آئسولیشن سینٹر میں لگی ہے۔‘’آئسولیشن وارڈ میں موجود افراد جھلس کر ہلاک ہوئے، سرچ آپریشن جاری ہے، ہسپتال کی عمارت میں متاثرین کے پھنسے رہنے کا خدشہ ہے۔

‘  بتایا جا رہا ہے کہ آئسولیشن وارڈ میں 60 مریضوں کی گنجائش تھی۔ عراق کے طبی ذرائع نے پیر کو دیر گئے بتایا کہ 16 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعہ پر ہزاروں افراد نے احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین یک زبان ہو کر چلا رہے تھے کہ ’سیاسی جماعتوں نے ہمیں جلا دیا ہے۔‘سوشل میڈیا پر بھی اس واقعہ پر ایکشن لینے اور ذمہ داروں کے استعفے کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

 وزارت داخلہ نے فیس بک پر ایک بیان میں کہا کہ ’آگ ہسپتال کی مرکزی عمارت کے ساتھ بنائے جانے والے عارضی سٹریکچر میں لگی تاہم اس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔‘ وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے آگ لگنے کی وجوہ جاننے کے لیے وزرا اور سیکیورٹی سربراہوں کے ساتھ اجلاس کیا ہے۔

 وزیراعظم نے ذی وقار گورنریٹ کے محکمہ صحت، ہسپتال اور شہری دفاع کے ڈائریکٹرز کو معطل کرنے اور انہیں حراست میں لے کر شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ بھی جاری کیا ہے۔ وزیر اعظم نے وزارتوں کو فوری ایمرجنسی طبی امداد بھیجنے اور شدید زخمیوں کو علاج کے لیے عراق سے باہر بھیجنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عراقی حکومت کی جانب سے یوم سوگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔