ایران: ایک ہی دن میں بارہ بلوچ قیدیوں کو پھانسی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2022
ایران: ایک ہی دن میں بارہ بلوچ قیدیوں کو پھانسی
ایران: ایک ہی دن میں بارہ بلوچ قیدیوں کو پھانسی

 

 

 تہران : ایک دن میں بارہ افراد کو پھانسی ۔ایران اب سرخیوں میں ہے۔ سب کے سب قیدی بلوچ تھے۔ ایران سے متعلق ناروے میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم (آئی ایچ آر) نے سات جون منگل کے روز یہ اطلاع دی کہ ایران نے اپنی جنوب مشرق کی ایک جیل میں 12 قیدیوں کو اجتماعی طور پر پھانسی دے دی۔ موت کی سزا پر یہ عمل ایک ایسے وقت ہوا ہے، جب اسلامی جمہوریہ ایران میں پھانسیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔

جن افراد کو پھانسی دی گئی اس میں گیارہ مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ان سب کو یا تو منشیات سے متعلق یا پھر قتل کے الزامات میں سزائیں سنائی گئی تھی۔ ایران ہیومن رائٹس (آئی ایچ آر) کے مطابق ان سب کو چھ جون پیر کی صبح افغانستان اور پاکستان کی سرحدوں کے قریب صوبہ سیستان بلوچستان کی زاہدان کی مرکزی جیل میں پھانسی دی گئی۔

آئی ایچ آر کے بیان کے مطابق جن افراد کو موت کی سزا دی گئی ان سب کا تعلق اقلیتی بلوچ نسل سے تھا، جو بنیادی طور پر ایران میں غالب شیعہ مذہب کے بجائے اسلام کے سنی عقائد کو مانتے ہیں۔

بارہ میں سے چھ کو منشیات سے متعلق الزامات میں سزائے موت سنائی گئی تھی، جبکہ چھ کو قتل کے جرم میں سزا سنائی گئی۔ تاہم ان پھانسیوں سے متعلق کسی کی بھی ملکی میڈیا ادارے نے اطلاع نہیں دی اور نہ ہی ایران میں حکام نے اس کی تصدیق کی۔

لیکن ایران میں ایک ممنوعہ تنظیم 'دی نیشنل کونسل آف ریزسٹنٹ آف ایران' (این سی آر آئی) نے بھی اس کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ پیر کی صبح  زاہدان میں 12 افراد کو پھانسیاں دی گئیں۔

ایران ہیومن رائٹس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، جس خاتون کو پھانسی دی گئی، ان کی شناخت صرف ان کی کنیت 'گارگیج' سے کی گئی ہے۔ انہیں اپنے شوہر کے قتل کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی اور پہلی بار سن 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔