ایران: فسادات میں ملوث ہونے‘ پر 750 افراد کے خلاف فرد جرم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2022
ایران:فسادات میں ملوث ہونے پر 750 افراد کے خلاف فرد جرم
ایران:فسادات میں ملوث ہونے پر 750 افراد کے خلاف فرد جرم

 

 

تہران : ایران کی عدلیہ نے مہسا امینی کی موت کے بعد ملک گیر احتجاج کے دوران تین صوبوں میں 750 سے زائد افراد پر ’حالیہ فسادات‘ میں ملوث ہونے کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔ ایرانی عدلیہ کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے وسط میں مظاہرے شروع ہونے کے بعد سے دو ہزار سے زائد افراد پر پہلے ہی الزامات عائد کیے جا چکے ہیں جن میں سے تقریباً نصف کا تعلق دارالحکومت تہران سے تھا۔

ایران میں اس طویل احتجاج کے دوران مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت درجنوں افراد مارے گئے۔ ایرانی حکام ان مظاہروں کو ’فسادات‘ کہتے ہیں۔ ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ ’میزان آن لائن‘ کی اتوار کے روز دی جانے والی خبر کے مطابق جنوبی صوبے ہرمزگان کے عدالتی سربراہ مجتبیٰ گھریمانی نے کہا کہ ’حالیہ فسادات کے بعد‘ 164 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق انہیں ’قتل کے لیے اکسانے‘، ’سکیورٹی فورسز کو نقصان پہنچانے، ’حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے‘ اور ’عوامی املاک کو نقصان پہنچانے‘ سمیت کئی الزامات کا سامنا ہے۔ ‘فسادات میں ملوث افراد‘ کے مقدمے کی سماعت وکلا کی موجودگی میں آئندہ جمعرات سے شروع ہو گی۔

مرکزی صوبے مرقزی کی عدلیہ کے سربراہ عبدالمہدی موسوی نے صوبے میں مزید 276 افراد پر فرد جرم عائد کی ہے۔ تاہم 100 نوجوانوں کو مستقبل میں کسی بھی ’فساد‘ میں شرکت نہ کرنے کے عہد ناموں پر دستخط کرنے کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔ وسطی صوبہ اصفہان میں عدالتی سربراہ اسد اللہ جعفری نے کہا کہ حالیہ واقعات میں 316 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔