تہران/آواز دی وائس
ایران نے بدھ کے روز نئی دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب پیر کی شام ہونے والے افسوسناک دھماکے پر ہندوستان سے باضابطہ طور پر تعزیت کا اظہار کیا، جس میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران حکومتِ ہندوستان، اس کے عوام اور بالخصوص متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں "ایکس" (سابق ٹوئٹر) پر لکھا ko نئی دہلی میں ہونے والے دھماکے کے بعد، وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے حکومت اور عوامِ ہندوستان سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا، خصوصاً ان خاندانوں سے جنہوں نے اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایران زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہے اور اس افسوسناک واقعے پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ہندوستان کے ساتھ دنیا بھر کے ممالک نے اس دلخراش سانحے پر یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات دہشت گردی کے ممکنہ پہلو سے کی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ایک "مخصوص اور جامع" تفتیشی ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ دہلی کار دھماکے کی مکمل چھان بین کی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق یہ حملہ جیشِ محمد سے منسلک ایک دہشت گرد ماڈیول نے انجام دیا، جسے ہندوستانی ایجنسیوں نے بے نقاب کیا ہے۔
یہ ٹیم سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور اس سے بالا ری نک کے افسران کی نگرانی میں کام کرے گی تاکہ تحقیقات منظم، مربوط اور گہرائی سے کی جا سکے۔یہ اقدام اُس وقت کیا گیا جب وزارتِ داخلہ نے اس معاملے کی تفتیش باضابطہ طور پر این آئی اے کے حوالے کی، کیونکہ دھماکے کے پس منظر میں دہشت گردی کا پہلو سامنے آیا ہے۔ تحقیقات منتقل ہونے کے بعد، این آئی اے نے فوراً مقدمہ درج کر کے ذمہ دار عناصر کی شناخت اور ممکنہ نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تفصیلی تفتیش شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق، یہ ایجنسی مرکزی اور ریاستی سطح کی سکیورٹی یونٹس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ تحقیقات میں ہم آہنگی قائم رہے۔ این آئی اے کی ٹیم کئی پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ آیا یہ دھماکہ دانستہ کیا گیا یا حادثاتی تھا۔ یاد رہے کہ پیر کی شام تقریباً 7 بجے نئی دہلی میں سبھاش مارگ ٹریفک سگنل کے قریب ہنڈائی i20 کار میں دھماکہ ہوا، جس سے کئی قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ یہ اطلاع مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے دی۔
یہ دھماکہ دہلی کے مصروف ترین تاریخی علاقے میں ہوا، جس کے بعد پورے ملک میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔