نیویارک: ہندوستان نے اقوام متحدہ میں پاکستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وہ ایک ’’منظم نفرت کی فیکٹری‘‘ چلا رہا ہے، جہاں مذہبی اصطلاحات کا استعمال کرکے اپنے شہریوں کے ذہنوں میں ہندوستان کے خلاف مستقل دشمنی پیدا کی جاتی ہے۔
نیودہلی نے اسلام آباد پر ریاستی سرپرستی میں گمراہ کن معلومات پھیلانے کا بھی الزام عائد کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے ملک میں سرگرم مسلح گروہوں کو ’’فتنۂ ہند‘‘ کا نام دے کر حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک اجلاس میں ہندوستان کے مستقل مندوب پارتھاسارتھی ہریش نے کہا کہ پاکستان اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر ڈالنے اور ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ہریش نے پاکستان کے سیاسی ڈھانچے اور ملکی معاملات میں فوج کے غالب کردار پر بھی تنقید کی۔ ان کے مطابق حالیہ آئینی ترامیم اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ پاکستان میں فوجی ادارے کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے اور سول اداروں پر اس کی گرفت مضبوط ہو رہی ہے۔
ہندوستانی مندوب نے پاکستان کی سرحد پار فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے افغانستان میں فضائی حملوں کے نتیجے میں ہونے والی بڑی تعداد میں شہری ہلاکتوں کی ذمہ داری بھی اسلام آباد پر عائد کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے قتلِ عام کو فوجی کارروائی قرار دینے سے ذمہ داری ختم نہیں ہو جاتی۔ ہریش نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایک طویل تاریخ رہی ہے کہ وہ اپنی اندرونی مشکلات، ناکامیوں اور مسائل کا الزام اپنے پڑوسی ممالک پر عائد کرتا رہا ہے۔