افغانستان میں کام جاری رکھ سکتا ہےہندوستان۔ طالبان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2021
طالبان کے ترجمان محمد سہیل شاہین
طالبان کے ترجمان محمد سہیل شاہین

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

طالبان کے ترجمان محمد سہیل شاہین نے ایک پاکستانی ٹیلی ویژن چینل کو بتایا ہے کہ ہندوستان طالبان کے دور حکومت میں افغانستان میں کام جاری رکھ سکتا ہے۔

روزنامہ ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق سہیل شاہین نے یہ بات "ہم بخاری کے ساتھ ‘‘ شو میں کہی۔

 ہم کسی بھی قوم ، گروہ یا ملک کو افغانستان کے ریاستی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہندوستان وہ کام مکمل کر سکتا ہے جو اس نے افغانستان میں بنیادی ڈھانچے اور تعمیر نو کے منصوبوں پر شروع کیا تھا ، کیونکہ وہ لوگوں کے لیے ہیں۔

 انہوں نے پاکستانی صحافی سے کہا کہ ۔۔ تاہم اگر (ہندوستان) نے اس زمین کو فوجی مقاصد کے حصول یا اپنے حریفوں کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی تو ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

 ایک اور سوال کے جواب میں ، طالبان ترجمان نے دہرایا کہ اگر ہندوستان کے نامکمل منصوبے ہیں تو وہ انہیں مکمل کر سکتا ہے ، لیکن پالیسی واضح تھی کہ طالبان افغانستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

 ہندوستان افغانستان کی تعمیر نو کے لیے فنڈ کا تیسرا بڑا عطیہ دینے والا ملک ہے۔ پچھلے سال ، ہندوستان نے تقریبا ڈھائی سو ملین ڈالر کے شاہٹوٹ ڈیم منصوبے پر دستخط کیے ہیں جو کہ کابل کے رہائشیوں کے لیے پینے کا پانی فراہم کرے گا۔

 بڑے انفراسٹرکچر پراجیکٹس میں دلارام اور زرنج (ایرانی سرحد پر) کے درمیان 218 کلومیٹر سڑک کی تعمیر شامل ہے ، جو ایران کے ذریعے افغانستان کے لیے متبادل رابطہ فراہم کرتی ہے۔ سلمی ڈیم اور افغان پارلیمنٹ کی عمارت جس کا افتتاح 2015 میں ہوا۔

 اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کے سفیر ٹی ایس تیروموری نے کہا تھا کہ ہندوستان افغانستان کے تقریبا تمام صوبوں میں ترقیاتی منصوبے چلا رہا ہے۔ اگرچہ ہندوستان نے طالبان سے ابتدائی رابطے کیے ہیں ، لیکن اس نے اپنی حکومت کو تسلیم کرنے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔