ہندوستان کا اپنے شہریوں کو وقتی طور یوکرین چھوڑنے کا مشورہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-02-2022
ہندوستان کا اپنے شہریوں کو وقتی طور یوکرین چھوڑنے کا مشورہ
ہندوستان کا اپنے شہریوں کو وقتی طور یوکرین چھوڑنے کا مشورہ

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

حکومت ہند نے تمام ہندوستانی طلباء وشہریوں کو عارضی طور پر یوکرین چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

یوکرین میں ہندوستانی سفارت خانے نے یوکرین میں رہنے والے یا اس ملک کا سفر کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے تمام ہندوستانیوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔

ہندوستان کا کہنا ہے کہ اس کے شہری، خاص طور پر ایسے طلباء جنہیں یوکرین میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے، عارضی طور پر یوکرین چھوڑنے پر غور کر سکتے ہیں۔

یوکرین کے حوالے سے روس اور نیٹو افواج کے درمیان کشیدگی اب دنیا کے دیگر ممالک پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ یوکرین میں انجینئرنگ اور میڈیسن کی تعلیم حاصل کرنے والے20,000 سے زائد ہندوستانی طلباء مقیم ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر طلباء کا تعلق آندھرا پردیش، تلنگانہ، کیرالہ، پنجاب اور راجستھان سے ہے۔

ان طلبا کو ہندوستان واپس لانے کے لیے دہلی میں صدر کے سیکریٹریٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

راجستھان کے کانگریس رہنما چارمیش شرما کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ  ملک بھر سے 20 ہزار ہندوستانی طلباء تعلیم کے لیے یوکرین کی مختلف یونیورسٹیوں میں گئے ہیں۔ ان کی زندگی سے جڑے اس سنگین معاملے پر حکومت ہند کی طرف سے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ راجستھان کے تقریباً ایک ہزار طالب علم بھی یوکرین میں موجود ہیں۔