افغانستان : گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 248 طالبان ہلاک اور 137زخمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-06-2021
طالبان کے خلاف سرگرم افغان اور امریکی افواج
طالبان کے خلاف سرگرم افغان اور امریکی افواج

 

 

 کابل:امریکی انخلا کا وقت قریب ہوتے ہی افغان فوج اورطالبان کے درمیان جھڑپیں تیز ہوگئیں اور دونوں جانب سے نقصانات کے متضاد دعوے بھی کیے جارہے ہیں،افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 248 طالبان ہلاک اور 137زخمی ہوئے ہیں۔

 ادھر طالبان نے بھی دعویٰ کیا کہ جھڑپوں کے بعدمزید5اضلاع پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔قندوز شہر سے5ہزار افراد نقل مکانی کرگئے جبکہ دیگر شہروں میں خونریز لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔

 علاو ہ ازیں کابل مسلسل 5ویں روز بھی تاریکی میں ڈوبا رہا اور جنگجوئوں کی جانب سے تباہ کی جانیوالی ٹرانسمیشن لائن سے دارالحکومت کو بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی۔

 افغان طالبان نے امریکی انخلا کا وقت قریب آتے ہی ملک بھر میں حملوں کا سلسلہ تیز کردیا ۔جھڑپوں کی وجہ سے کابل میں مسلسل پانچویں روز بجلی کی فراہمی منقطع رہی۔

 افغانستان کی پاور سپلائی یوٹیلیٹی کے ترجمان محمد ہاشم نے ترک خبر ایجنسی کو بتایا ہے کہ شر پسند عناصر نے گزشتہ ہفتے 2 پاور ٹرانسمیشن ٹاورز کو تباہ کر دیا تھا ،محمد ہاشم کے مطابق حکومت صوبے بغلان میں لڑائی کی وجہ سے بجلی کی ترسیل کی کیبلز کو جوڑنے اور بجلی کی فراہمی دوبارہ شروع کرنے میں ناکام رہی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق طالبان کی جانب سے پورے ملک میں حملوں میں اضافے اور فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے بعد صرف قندوز شہر سے ہی 5 ہزار خاندان نقل مکانی کرگئے،صوبہ قندھار اور بغلان میں بھی شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔