لاہور :پاکستان میں حکومت کا گرنا تقریبا طے ہے۔ اب ملک میں عمران خان نشانہ پر ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے انہیں کانگریس رہنما نوجوت سدھو کے ہمراہ کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' کی میزبانی کا مشورہ دے دیا۔
ریحام خان ان دنوں اپنے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کو لے کر سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں اور انہوں نے گزشتہ شب ٹوئٹر پر صارف کی دلچسپ ٹوئٹ کی تصویر شیئر کی۔
مذکورہ تصویر اس وقت کی ہے جب عمران خان اور سدھو کی ملاقات گرودوارہ دربار صاحب کرتار پور میں ہوئی۔ تصویر کے کیپشن میں صارف نے نوجوت سنگھ کے خیالات کا اظہار کیا اور مضحکہ خیز انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ 'میں نے سب انتظام کرلیا ہے، انڈین پریمیئر لیگ میں دونوں بھائی مل کے کمنٹری کریں گے۔
ریحام نے ٹوئٹ کے جواب میں کہا کہ 'میرے خیال میں کپل شرما شو زیادہ بہتر رہے گا'۔ واضح رہے کہ وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا باضابطہ اعلان کردیا۔ متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے بظاہر قومی اسمبلی میں اکثریت کھو دی ہے۔
I think Kapil Sharma Show is a better match!! pic.twitter.com/XzKyuvBnqa
— Reham Khan (@RehamKhan1) March 30, 2022
وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی میں بحث کا آغاز 31 مارچ سے ہوگا اور کسی بھی وقت اس پر ووٹنگ ہوسکتی ہے۔ پنجاب میں کانگریس کے سابق صدر نوجوت سنگھ سدھو الیکشن میں شکست کھاگئے تھے، انہیں 6 ہزار ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس میں سدھو نے 32929 اور ان کی حریف نے 39520 ووٹ لیے۔ بعدازاں انہوں نے پارٹی صدارت سے بھی استعفیٰ دیدیا تھا۔