بیجنگ میں طوفانی بارش ۔زندگی ٹھپ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-07-2021
پانی پانی ہوگیا بیجنگ
پانی پانی ہوگیا بیجنگ

 

 

بیجنگ: چین کی راجدھانی بیجنگ میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں،عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ جبکہ حکام نے سکولوں اور سیاحتی مقامات کو بھی بند کر دیا ہے۔ پیر کو آنے والے سال کے سب سے بڑے طوفان کے پیش نظر بیجنگ کی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں پر رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ شہر کے بعض علاقوں میں ایک دن میں 100 ملی میٹر بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ایوی ایشن ٹریکر ویری فلائٹ نے بیجنگ کے دو ایئرپورٹس پر تقریباً 700 پروازوں کی منسوخی ریکارڈ کی ہے۔

موسمیاتی ادارے نے اتوار کی رات سے پیر کی شام تک کے لیے گرج چمک کے ساتھ 'طوفانی بارش' کی پیش گوئی کی تھی۔ بیجنگ کے ایک شمالی ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ شہر کے سکول بند ہونے کی وجہ سے طلبہ پیر کو گھر ہی میں رہیں گے جبکہ دیوار چین جیسے مشہور سیاحتی مقامات کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق بیجنگ کی کچھ خودکار ٹرینوں کو مینول طریقے سے چلایا جائے گا۔

گذشتہ سال اگست میں بارشوں کے باعث پانی کی سطح بڑھنے سے سڑکیں بری طرح متاثر ہوئی تھیں جبکہ ہزاروں افراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ ماہرین کے مطابق وقت کے ساتھ بارشوں کی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی ہے اور اس کی ایک وجہ ڈیموں کی تعمیر ہے۔ ڈیموں کی وجہ سے دریاؤں اور جھیلوں کے درمیان رابطہ ختم ہوگیا ہے، جو کہ گرمیوں میں ہونے والی تیز بارشوں کے پانی کے بہاؤ سے نقصان پہنچنے کو روک لیتے تھے۔