برطانیہ سے پیدل حج پر آنے والے عراقی سے وزیر کی ملاقات

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
 برطانیہ سے پیدل حج پر آنے والے عراقی سے وزیر کی ملاقات
برطانیہ سے پیدل حج پر آنے والے عراقی سے وزیر کی ملاقات

 

 

ریاض:قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹرماجد القصبی نے لندن سے پیدل حج کے لیے آنے والے عراقی شہری آدم محمد سے ملاقات کی۔ عالمی شہرت یافتہ معروف ’واکر‘ آدم محمد نے وزیر اطلاعات کو اپنے سفر کے بارے میں مطلع کیا۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق برطانیہ میں مقیم عراقی شہری آدم محمد نے کہا کہ تقریبا دس ماہ قبل حج کے ارادے سے پیدل سفر کا آغاز کیا۔

Awaz

آدم کو مکہ مکرمہ پہنچنے کے لیے 11 ممالک سے گزرنا پڑا ۔ برطانیہ سے اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے آدم محمد ہولینڈ پہنچے جہاں سے جرمنی، آسٹریا، ہنگری، سربیا، بلغاریہ، ترکی، لبنان، اردن اور وہاں سے سعودی عرب میں داخل ہوئے۔ آدم محمد نے یہ طویل ترین سفر 10 ماہ اور 25 دن میں مکمل کیا۔ حج ایام سے قبل وہ مکہ مکرمہ پہنچ گئے اور امسال فریضہ حج بھی ادا کیا۔

آدم محمد نے مثالی مہمان نوازی پر سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مملکت پہنچنے پر انہیں جس طرح کی پذیرائی ملی ہے وہ تاحیات فراموش نہیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات نے مثالی تعاون اور میزبانی کرتے ہوئے حج کے لیے فوری طور پر درکار تمام سرکاری امورنمٹائے وہ قابل قدر ہیں۔