کورونا کے خاتمے کیلئے عالمی ویکسینیشن پلان کی ضرورت:انتونیو گوتریس

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2021
انتونیو گوتریس
انتونیو گوتریس

 

 

برسلز

اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یورپین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کوویڈ-19 وباء کے مکمل خاتمے کیلئے ایک عالمی ویکسینیشن پلان کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ آج اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل کی حیثیت سے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد اپنے دورہ یورپ میں یورپین پارلیمنٹ سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی وباء نے صحت کے ناکافی نظام، معاشرتی تحفظ میں بہت بڑے فرق اور ممالک کے درمیان بڑی عدم مساوات کا انکشاف کیا ہے۔

سیکٹری جنرل نے اپنے خطاب میں عالمی سطح پر حفاظتی ویکسین کی حکمت عملی بنانے اور یہ ویکسین بنانے والے ممالک کو ایک ہنگامی ٹاسک فورس میں اکٹھا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جو عالمی ادارہ صحت، گیوی ویکسین الائنس اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی مدد سے فارماسیوٹیکل کمپنیوں اور دیگر اہم صنعتی اداروں کو متحرک کرے۔ انتونیو گوتریس نے دنیا بھر میں ترقی، معاشرتی اور معاشی توازن میں عدم مساوات، ماحولیاتی بحران اور اس کے مقابلہ کرنے کے طریقے، سائبر اسپیس میں لاقانونیت سمیت کئی دیگر معاملات کو بھی اپنے خطاب کا موضوع بنایا۔

انہوں نے اس موقع پر افریقہ اور دنیا کے دیگر ممالک کے درمیان اب تک اپنے شہریوں کو لگائی جانے والی ویکسین کے اعداد و شمار میں بڑے فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ویکسین کی پیداوار دو گنا کرنا ہوگی۔ کیونکہ 2022 تک اس وباء کے خلاف اجتماعی طور پر امیونٹی حاصل کرنے کیلئے ابھی 11 ارب خوراکوں کی ضرورت ہے۔ (ایجنسی ان پٹ)