غزہ: اسرائیل کی میڈیا کے دفاتر کو تباہ کردیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-05-2021
میڈیا پر نشانہ
میڈیا پر نشانہ

 

 

غزہ:اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری ہے اور اس دوران ایک اور بلند عمارت کو نشانہ بنایا جہاں الجزیرہ اور امریکی خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سمیت دیگر بین الاقوامی میڈیا کے دفاتر بھی تباہ ہوگئے جو اسرائیلی فوج کی غزہ میں میڈیا کو خاموش کرنےکی بدترین کوشش ہے۔ الجلا ٹاور کے مالک نے میڈیا کو اسرائیلی حملے کے حوالے سے پہلے ہی خبردار کردیا تھا اور عمارت کو خالی کردیا گیا تھا۔ الجزیرہ میں جاری کی گئیں ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 12 منزلہ عمارت کارروائی کے بعد لمحوں میں تباہ ہورہی ہے اور آسمان کی جانب دھواں بلند ہورہا ہے۔

ویڈیو بنانے والی خاتون نے آگاہ کیا کہ 'ٹاور گر چکا ہے، آپ جب کبھی نے صحافیوں کو غزہ سے رپورٹنگ کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو وہ اکثر اس عمارت کی چھت پر کھڑے ہوکر رپورٹ کرتے تھے لیکن اب اسرائیلی فوج نے کارروائی کرکے اس عمارت کو تباہ کردیا ہے۔ الجزیرہ کی اینکر نے جذباتی انداز میں کہا کہ 'یہ چینل خاموش نہیں ہوگا، الجزیرہ خاموش نہیں ہوگا، ہم اس کی ابھی ضمانت دیتے ہیں'۔ اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔مذکورہ عمارت میں میڈیا کے علاوہ دیگر شعبوں کے دفاتر بھی قائم تھے اور کئی اپارٹمنٹس پر مشتمل تھی۔