کابل سے مکہ ۔ سفر حج پر رواں دواں سائیکل پر سوار نوراحمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2022
کابل سے مکہ ۔  سفر حج  پر رواں دواں نوراحمد
کابل سے مکہ ۔ سفر حج پر رواں دواں نوراحمد

 

 

ریاض : فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے اور حج پر جانے کے لیے آج کے دورِ جدید میں ہوائی جہاز سفر کا سب سے آسان ذریعہ ہے لیکن کچھ مسلمان اس سفر کو یادگار بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور ایسا ہی ایک افغان شہری نے بھی کیا ہے۔

منگل کو حرمین شریفین  کی سرکاری ویب سائٹ نے ایک افغان باشندے کا ویڈیو شئیر کیا ،جس میں وہ سائیکل پر سوار رواں دواں ہے۔ اس کی منزل مکہ ہے۔وہ کابل سے حج کے لیے سائیکل پر سوار ہوکر نکلا ہے۔ جس کا  سعودی عرب میں انتظار کیا جارہا ہے۔ وہ ایران اور عراق کے راستے سعودی عرب میں داخل ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ افغان شہری نور احمد کے شوق کو دیکھتے ہوئے افغان حکومت کی جانب سے انہیں ٹکٹ کی پیشکش بھی کی گئی تھی لیکن ان کے جواب نے حکومت وقت کو حیران کردیا تھا۔ نور احمد کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے طور پر سفر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور میں اللہ کے احکامات کی پیروی کررہا ہوں۔ انہوں نے ایران اور عراق پہنچ کر ویزا حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

نور احمد کو کسی قسم کے مالی وسائل کی کمی کا بھی سامنا نہیں ہے، سائیکل پر حج کا سفر کرنا نور احمد کی اپنی خواہش ہے۔نور احمد کا اپنے اس فیصلے سے متعلق کہنا ہے کہ ’میں نے حج کے لیے یہ سفر خود سے کرنے کا ارادہ کیا ہے اور میں یہ اللّٰہ تعالیٰ کے حکم کو پورا کرنے کے لیے کر رہا ہوں۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں، اس سے قبل 2016 میں روسی نوجوان جب کہ 2019 میں برطانوی شہری بھی حج کی ادائیگی کے لیے دو ماہ کے سفر کے بعد مکہ پہنچے تھے۔

 اب نور احمد جو سعودی عرب کی سرحد میں داخل ہونگے تو ان کا استقبال کیا جائے گا۔