مکہ: رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر سعودی عرب کی مقدس مساجد میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں 20 لاکھ سے زائد زائرین نے نمازِ جمعہ ادا کی۔ مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی ﷺ میں عقیدت مندوں کا سمندر اُمڈ آیا، جبکہ مسجدِ قبلتین اور مسجدِ قباء میں بھی غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔
نمازیوں کی بڑی تعداد کے باعث ان مساجد کے صحن، بالائی منزلوں، ملحقہ عمارتوں حتیٰ کہ اطراف کی شاہراہوں تک صفیں بچھا دی گئیں۔ رمضان المبارک کو مسلمانوں کے لیے خصوصی روحانی اہمیت حاصل ہے، اور اس بابرکت مہینے کا پہلا جمعہ عبادت و بندگی کے حوالے سے خاص فضیلت رکھتا ہے۔
اسی باعث دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین اور مقامی شہری بڑی تعداد میں مقدس مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ سعودی حکام کی جانب سے ہجوم کے پیش نظر سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامی اقدامات کو مؤثر بنایا گیا تاکہ عبادت گزاروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
ادھر سعودی عرب کے دیگر شہروں کی مساجد میں بھی نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا اور لاکھوں افراد نے خشوع و خضوع کے ساتھ عبادت میں حصہ لیا۔ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی مملکت بھر میں عبادات، تلاوتِ قرآن اور خیر و برکت کی فضا قائم ہے۔