جعلی نوٹوں کے سپلائرلعل محمد کا کھٹمنڈو میں قتل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 22-09-2022
جعلی نوٹوں کے سپلائرلعل محمد کا کھٹمنڈو میں قتل
جعلی نوٹوں کے سپلائرلعل محمد کا کھٹمنڈو میں قتل

 

 

کٹھمنڈو: انڈر ورلڈ گینگسٹر داؤد ابراہیم کے ڈی گینگ کے سرغنہ اور پاکستان کی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والے آئی ایس آئی ایجنٹ لعل محمد کو 19 ستمبر کو نیپال میں قتل کر دیا گیا۔ اسے باہرسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مطابق وہ ہندوستان میں آئی ایس آئی کے جعلی کرنسی نوٹوں کا سب سے بڑا سپلائر تھا۔

ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق لعل محمد کو دو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار دی جو موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ حملہ آوروں نے سرخ ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی تھی۔ آئی ایس آئی ایجنٹ لال محمد کو نیپال میں لوگ کپڑے کے تاجر کے نام سے جانتے تھے اور لوگ اسے درزی کے نام سے پکارتے تھے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ لعل محمد آئی ایس آئی کے کہنے پر پاکستان اور بنگلہ دیش سے جعلی ہندوستانی کرنسی نیپال لاتا تھا اور پھر وہاں سے ہندوستان کو سپلائی کرتا تھا۔

حکام کے مطابق لعل محمد نے لاجسٹک سپورٹ میں آئی ایس آئی کی مدد بھی کی تھی اور اس کے انڈر ورلڈ گینگسٹر داؤد ابراہیم کے ڈی گینگ سے تعلقات تھے۔ اس کے علاوہ اس نے آئی ایس آئی کے کئی دیگر ایجنٹوں کو بھی پناہ دی تھی۔

لعل محمد کے قتل کا پورا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی لال محمد کھٹمنڈو کے علاقے گوتھر میں واقع اپنے گھر کے باہر لگژری کار سے نیچے اترا ، دو حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی۔ اس دوران لعل محمد نے حملے سے بچنے کے لیے اپنی گاڑی کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی لیکن حملہ آوروں کی فائرنگ سے بچ نہ سکا۔

ڈسٹرکٹ پولیس رینج کھٹمنڈو کے ترجمان ایس پی دنیش راج مینالی نے بتایا کہ کھٹمنڈو کے سرلاہی میں ہریوان میونسپلٹی-2 کے رہائشی لعل محمد کو تین گولیاں لگی ہیں۔ جس میں دو سر پر اور ایک ران پر مارا گیا۔

واقعے کے بعد لعل محمد کو تریبھون یونیورسٹی اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ کھٹمنڈو ڈسٹرکٹ پولیس رینج کے چیف ایس پی بھرت بہادر بوہرا اور کھٹمنڈو ویلی کرائم انویسٹی گیشن آفس کے سربراہ جنک بھٹارائی ایک ٹیم کے ساتھ واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ جب لعل محمد پر گھر کے باہر فائرنگ کی گئی تو اس کی بیٹی چھت پر موجود تھی اور اس نے اپنے والد کو بچانے کے لیے پہلی منزل سے چھلانگ لگا دی۔ تاہم، جب وہ اپنے والد کے پاس پہنچی، حملہ آور فرار ہو چکے تھے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے پہلے داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی اور نیپال میں ایک بار ایم پی رہ چکے دلشاد بیگ کو بھی قتل کیا جا چکا ہے، جس میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کو اغوا کنگ ببلو سریواستو کا ہاتھ مانا جا رہا تھا۔ تاہم ڈان چھوٹا راجن نے اسے مارنے کا دعویٰ بھی کیا۔