حج کے دوران شدید گرمی، بارش کی بھی پیشگوئی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-07-2021
گرمی بھی ہوگی اور بارش بھی
گرمی بھی ہوگی اور بارش بھی

 

 

جدہ: سعودی عرب میں حج کی تیاریاں تقریبا مکمل ہوچکی ہیں،حکومت نے حالانکہ حج کو اس سال بھی محدود رکھا ہے لیکب انتظامات میں کوئی ڈھیل نہیں ہے۔ کورونا کے سبب سخت ضابطے لاگو ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔

حج کے دوران شدید گرمی، بارش کی بھی پیشگوئی سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر ایمن غلام نے پیشگوئی کی ہے کہ ’اس سال حج کے دنوں میں سخت گرمی پڑے گی۔

درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ ڈاکٹر ایمن کا کہنا ہے کہ ’حج مقامات پر گرد آلود تیز ہواؤں اور ظہر کے بعد بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔

 ڈاکٹر ایمن غلام نے گزشتہ روز منیٰٰ، مزدلفہ اورعرفات میں موسمیات کے قومی مرکز کا دورہ کیا ہے۔

 انہوں نےکہا کہ ’ہمارے سینٹر کے ماہرین چوبیس گھنٹے موسمی تبدیلیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ اداروں کے افسران کو نئی صورتحال سے آگاہ کرنے اور رکھنے کا اہتمام کررہے ہیں۔

 ڈاکٹر ایمن غلام کا کہنا ہے کہ ’منیٰ، مزدلفہ اورعرفات کی آب و ہوا کی کوریج کی شرح سو فیصد تک ہے۔ ہنگامی حالات میں موسمی خبرنامے بار بار پیش کیے جائیں گے اس کی تمام تیاریاں ہیں۔

مکہ میں داخلے کے لئے اجازت نامہ لازمی 

یاد رہے کہ حج سیزن 18 جولائی سے شروع ہورہا ہے۔ اس سال بھی کورونا وبا کے باعث حج کو محدود رکھا گیا ہے۔ مملکت میں مقیم 60 ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔

حج سکیورٹی فورس کے سربراہ جنرل زاید الطویان نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں حج اجازت نامے کے بغیر کسی کو داخلے کے اجازت نہیں۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ سمیت مشاعر مقدسہ کے چاروں طرف سکیورٹی چیک پوائنٹس قائم ہیں جہاں مستعد عملہ ہر وقت موجود ہے۔‘

اس سال عازمین کی تعداد متعین ہے، جن لوگوں کو حج اجازت نامہ جاری ہوا ہے، ان کے علاوہ کسی کو بھی مشاعر مقدسہ نہیں جانے دیا جائے گا۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مکہ مکرمہ کے اطراف میں عازمین کے استقبال کے لیے چار مراکز ہیں، ملک بھر سے آنے والے عازمین پہلے ان مراکز میں پہنچیں گے۔

جن لوگوں کے پاس حج اجازت نامہ ہے، انہیں بھی حرم جانے کی اس وقت تک اجازت نہیں ہوگی جب تک وہ ان مراکز میں اپنا اندراج نہ کرا لیں۔‘ ان کے مطابق ’استقبالیہ مراکز میں اندراج کے بعد عازمین حج کو خصوصی بسوں کے ذریعے حرم مکی اور وہاں سے مشاعر مقدسہ لے جایا جائے گا۔