انگلینڈ:عالمی رکارڈ بنانے والا پاکستان نزادسورج مکھی خاندان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
انگلینڈ:عالمی رکارڈ بنانے والا پاکستان نزادسورج مکھی خاندان
انگلینڈ:عالمی رکارڈ بنانے والا پاکستان نزادسورج مکھی خاندان

 

 

لندن: برطانوی شہر کووینٹری میں ایک پاکستانی نژاد خاندان میں والدین کے ساتھ ساتھ ان کے چھ بچے بھی سورج مکھی ہیں اور اس طرح یہ سورج مکھی بہن بھائیوں کی سب سے زیادہ تعداد کا عالمی ریکارڈ بھی ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق، پاکستان میں پیدا ہونے والے اسلم پرویز اور شمیم اختر، دونوں ہی سورج مکھی ہیں جو برسوں پہلے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔

awaz

یہاں ان کے چھ بچے یعنی نسیم اختر، غلام علی، حیدر علی، مقدس بی بی، مسرت بیگم اور محمد رفیع بھی سورج مکھی ہی پیدا ہوئے۔

واضح رہے کہ سورج مکھی یا ’البینزم‘ ایک موروثی کیفیت ہے جس میں کھال، بالوں اور آنکھ کی پتلی کو مخصوص رنگ دینے والا قدرتی مادّہ ’میلانین‘ متاثر ہوتا ہے۔ نتیجتاً متاثرہ فرد کا چہرہ اور بال پیدائشی طور پر انتہائی سفید دکھائی دینے لگتے ہیں جبکہ آنکھوں کی رنگت بھی خاصی مختلف ہوجاتی ہے۔

ان تمام بہن بھائیوں کو بچپن ہی سے اپنے سورج مکھی ہونے کی وجہ سے مذاق کا نشانہ بنایا جاتا تھا جبکہ ان کے زیادہ دوست بھی نہیں تھے۔

awaz

بڑے ہونے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ صرف وہی نہیں بلکہ لاکھوں دوسرے لوگ بھی سورج مکھی ہیں، لہذا انہوں نے اپنے شہر میں البینزم سے آگاہی دینے والی تنظیموں میں بطور رضاکار کام کرنا شروع کردیا۔

کچھ عرصہ پہلے ان میں سب سے بڑی بہن نسیم اختر کو خیال آیا کہ کیوں نہ وہ اپنے عجیب و غریب خاندان کےلیے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درخواست دے ڈالیں۔

خوش قسمتی سے جلد ہی انہیں جواب موصول ہوگیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں نے بھی تصدیق کردی کہ وہ سورج مکھی بہن بھائیوں کی سب سے بڑی تعداد والا خاندان ہیں۔ آج یہ تمام بہن بھائی شادی شدہ ہیں لیکن ان کے بچوں میں سے کوئی بھی سورج مکھی نہیں۔