عراق پر کانفرنس۔ افغانستان پر بات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
بڑا خطرہ داعش ہے
بڑا خطرہ داعش ہے

 

 

بغداد: کابل میں دھماکوں اور طالبان کے افغانستان پر حکومت کرنے کے حوالے سے عراق میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے بارے میں خبردار کردیا۔

رپورٹ کے مطابق بغداد میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر منتظمین خاموش ہیں تاہم یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عراق عرب ممالک اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ملاقات کے بعد فرانسییسی صدر نے کہا کہ 'ہم سب جانتے ہیں کہ ہمیں اپنی حفاظت کو کم نہیں کرنا چاہیے کیونکہ داعش ایک خطرہ بنی ہوئی ہے اور میں جانتا ہوں کہ ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ آپ کی حکومت کی ترجیح ہے۔

مصطفیٰ الکاظمی نے جواب دیا کہ عراق اور فرانس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم شراکت دار ہیں۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم بھی اس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ علاقائی دشمن ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ بھی موجود ہوں گے۔

 اس اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے ساتھ ساتھ کویت کے وزیر اعظم شیخ صباح الخالد الصباح کی بھی شرکت متوقع ہے۔

عراق کے مصطفیٰ الکاظمی کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ عراق خطے کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ایک متحد کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 بغداد اپریل 2016 سے امریکی اتحادی ریاض اور تہران کے درمیان 2016 سے منقطع تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ فرانسیسی صدر کے دفتر نے بتایا کہ ایمانوئل میکرون کا مقصد خطے میں فرانس کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو آگے بڑھانے کے عزم کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے عراق کو 'ضروری' سمجھتے ہیں۔