صدر یو اے ای کی وفات پر جو بائیڈن سمیت عالمی رہنماؤں کی تعزیت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2022
صدر یو اے ای کی وفات پر جو بائیڈن سمیت عالمی رہنماؤں کی تعزیت
صدر یو اے ای کی وفات پر جو بائیڈن سمیت عالمی رہنماؤں کی تعزیت

 

 

:   دبئی دنیا بھر سے قائدین یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیا  کی وفات پر دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہ ’وہ امریکہ کے ایک حقیقی پارٹنر اور مخلص دوست تھے۔‘ جو بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم امریکہ اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں اور عوام کے درمیان دیرینہ تعلقات بنانے اور مستحکم رکھنے پر وہ ہمیشہ یادوں میں رہیں گے

ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زاید ال نہیان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات نے ایک صالح بیٹا اور قائد کھو دیا ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ امارات نے ایک نیک بیٹے اور بااختیار بنانے کا سفر جاری رکھنے والے ایک معتمد قائد کو کھو دیا ہے۔ ولی عہد محمد بن زاید ال نہیان کا مزید کہنا تھا کہ ’ان کے کارنامے، حکمت، سخاوت اور دوسری بہت سی خصوصیات ملک کے کونے کونے تک پھیلی ہوئی ہیں۔

میرے بھائی خلیفہ بن زاید، اللہ آپ پر رحم کرے اور جنت میں جگہ دے۔‘ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹوئٹر کے ذریعے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے عظیم قائد کو الوداع کہا۔ یو اے ای کے صدر کے مشیر انور گرگیش نے ٹویٹ کیا کہ ’یو اے ای اور دنیا ایک ایسے مخلص لیڈر سے محروم ہوگئی ہے جنہوں نے اپنی ساری زندگی قوم اور عوام کے لیے وقف کررکھی تھی۔‘

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کا یو اے ای کے صدر کی وفات پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’ہم دنیا کے قیمتی اور عظیم ترین لوگوں میں سے ایک شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے لیے سوگ کا اظہار کرتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ اپنی قوم اور عوام کے لیے سخاوت کے لیے جانے جاتے تھے۔‘ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے جنرل سیکریٹری نایف الحجرف نے کہا کہ ’شیخ خلیفہ بن زاید کی وفات کے بعد ہم نے خلیج اور عرب کے اہم قائد کو کھو دیا ہے۔‘

اسی طرح بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسٰی ال خلیفہ، عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل عبد الرحمن العسومی، عراق کے وزیراعظم مصطفٰی الکاظمی کے علاوہ ترکی کے صدر طیب اردوغان کی جانب سے بھی یو اے ای کے صدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔