کرسمس اور اومیکرون : ساڑھے چار ہزار پروازیں منسوخ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-12-2021
کرسمس اور اومیکرون : ساڑھے چار ہزار پروازیں منسوخ
کرسمس اور اومیکرون : ساڑھے چار ہزار پروازیں منسوخ

 

 

لندن : کورونا وائرس کے انتہائی تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ اومیکرون کے پیش نظر کرسمس کی تعطیلات کے موقعے پر عالمی فضائی سفر میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے اور دنیا بھر میں ساڑھے چار ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ اویئر ڈاٹ کام‘ کا کہنا ہے کہ کرسمس سے ایک روز پہلے دنیا بھر میں فضائی کمپنیوں نے 2401 پروازیں منسوخ کیں حالانکہ عام طور پر ایسے موقعے پر زیادہ سفر کیا جاتا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 10 ہزار سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، کرسمس والے دن دنیا بھر میں 1779 پروازیں مؤخر کی گئیں جب کہ 402 اتوار کے لیے ری شیڈول کی گئیں۔

فضائی کمپنیوں کے پائلٹس، فلائٹ اٹینڈنٹس اور دیگر عملے نے بیمار ہونے پر ٹیلی فون کال کر کے ڈیوٹی پر نہ آنے کا بتایا یا انہیں قرنطینہ میں رہنا پڑا رہا ہے۔

اس صورت حال میں لفتھانسا، ڈیلٹا، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور دیگر متعدد فضائی کمپنیاں سال کے ایک ایسے موقعے پر پروازیں منسوخ کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں جب بہت زیادہ سفر کیا جاتا ہے۔

فلائٹ ویئر کے مطابق جمعے کو یونائیٹڈ ایئرلائن نے 185 پروازیں یا ان میں سے 10 پروازیں، جنہوں نے شیڈول کے مطابق روانہ ہونا تھا، منسوخ کر دیں۔

 یونائیٹڈ کے مطابق اس ہفتے ملک بھر میں اومیکرون کے کیسز میں اضافے کا براہ راست اثر ہماری پروازوں، عملے اور ان لوگوں پر پڑا ہے جو فضائی آپریشن کی ذمہ داری پوری کرتے ہیں۔ ’نتیجتاً بدقسمتی سے ہمیں کچھ پروازیں منسوخ کرنی پڑیں اور ہم ہوائی اڈوں کی طرف آنے والے مسافروں کو اس کی پیشگی اطلاع دے رہے ہیں۔‘