بیجنگ: خلا میں ملبے سے خلائی جہاز کے ٹکرانے کے بعد پھنسے ہوئے چین کے تین خلاباز جمعہ کو بحفاظت زمین پر واپس لوٹ آئے۔ ‘چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی’ نے بتایا کہ خلا نورد چین ڈونگ، چین ژونگ رُئی اور وانگ ژی کو لے کر شین ژو–21 کے ریٹرن کیپسول نے شمالی چین کے منگولیا خودمختار علاقے میں ڈونگ فینگ کے مقام پر لینڈ کیا۔
ایجنسی کے مطابق، خلابازوں کو پانچ نومبر کو واپس آنا تھا، لیکن خلائی ملبے کے چھوٹے ٹکڑوں سے خلائی جہاز کے ٹکرانے کے بعد ان کی واپسی آخری وقت میں ملتوی کر دی گئی۔ اس سے پہلے میڈیا میں یہ رپورٹ کیا گیا تھا کہ شین ژو–20 کے واپسی کیپسول میں دراڑیں پائے جانے کے بعد عملہ واپس آنے سے قاصر تھا۔
۔ 2011 میں چین کے خلائی اسٹیشن کے آغاز کے بعد پیش آنے والا یہ پہلا واقعہ ہے، جس نے تشویش بڑھا دی ہے کیونکہ اسٹیشن میں بیک وقت صرف تین خلانوردوں کی گنجائش ہے۔ چین ہر چھ ماہ بعد خلائی اسٹیشن پر نیا عملہ بھیجتا ہے۔ ایجنسی نے بتایا کہ شین ژو–21 خلائی اسٹیشن سے الگ ہوا اور اس کا ریٹرن کیپسول بیجنگ کے وقت کے مطابق شام 4:40 بجے ڈونگ فینگ میں اترا۔ تمام خلاباز مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
ایجنسی کے مطابق، انہوں نے مدار میں 204 دن گزارے اور چین کے خلانوردوں کے درمیان خلا میں سب سے طویل عرصہ گزارنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ واضح رہے کہ چین نے اپنا خلائی اسٹیشن اس وقت تعمیر کیا تھا جب اسے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) سے باہر کر دیا گیا تھا۔ چین کو آئی ایس ایس سے باہر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اس کا خلائی پروگرام اس کی فوج پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کی نگرانی میں چلایا جاتا ہے۔