چین: کورونامعاملوں میں زبردست اچھال،لاک ڈائون

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
چین: کورونامعاملوں میں زبردست اچھال،لاک ڈائون
چین: کورونامعاملوں میں زبردست اچھال،لاک ڈائون

 

 

بجنگ: چین کے کئی بڑے شہروں میں عالمی وبا کورونا وائرس کے اومی کرون اور ڈیلٹا ویریئنٹس کے پھیلاؤ میں تیزی آئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں تین ہزار 393 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک دن پہلے کے مقابلے میں دو گنا ہیں جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

چین میں کورونا کیسز میں اضافہ، 90 لاکھ کی آبادی والا شہر لاک ڈاؤن میں ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھنے پر حکام نے شنگھائی میں سکول بند کر دیے ہیں جبکہ شمال مشرقی شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق چین کے 19 صوبوں میں وائرس کے پھیلاؤ کے باعث معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔

ایک عہدیدار نے اتوار کو اعلان کیا کہ جیلن شہر کو جزوی طور پر لاک ڈاؤن کیا گیا جبکہ اس کے قریبی سینکڑوں علاقے سیل کیے جا چکے ہیں۔

چین جہاں کورونا کی وبا سب سے پہلے منظر عام پر آئی تھی ’زیرو کووڈ‘ پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور جس علاقے میں وبا کا کلسٹر سامنے آتا ہے فوری طور پر لاک ڈاؤن کا نفاذ، سفری پابندیاں اور پورے شہر کی آبادی کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

تاہم حالیہ دنوں میں تیزی سے پھیلنے والے اومی کرون ویریئنٹ اور علامات نہ رکھنے والے کیسز میں اضافے نے چین کی اس پالیسی کو نئے چیلنج سے دوچار کیا ہے۔

حکام کے مطابق جیلن شہر کی آبادی کے کورونا ٹیسٹ چھ بار مکمل کیے جا چکے ہیں۔ اتوار کو شہر میں مزید 500 اومی کرون کیسز سامنے آئے ہیں۔

جیلن کے قریبی صنعتی شہر چینگچن کو جمعے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا جس کی آبادی 90 لاکھ ہے۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جیلن شہر کے میئر اور چینگچن شہر کے ہیلتھ کمیشن کے سربراہ کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ (ایجنسی)