پیانگ یانگ: شمالی کوریا اور چین نے اپنی دوستی کے معاہدے کے 65 سال مکمل ہونے کے موقع پر باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور معیشت، بنیادی ڈھانچے، فوجی اور سفارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ چائنا ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے شمالی کوریا کے دو روزہ دورے کے دوران، جو سات برس بعد ان کا پہلا دورہ تھا، دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات میں شی جن پنگ نے کہا کہ چین پیانگ یانگ کے ساتھ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک رابطوں کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو ایک ’’نئے دور‘‘ میں مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے باوجود چین کی کمیونسٹ پارٹی اور چینی حکومت شمالی کوریا کے ساتھ روایتی دوستی کو بڑی اہمیت دیتی رہے گی۔
شی جن پنگ نے کہا، ’’بین الاقوامی صورتحال خواہ جیسے بھی بدل جائے، چین اور شمالی کوریا کی روایتی دوستی کو اہمیت دینے کے بارے میں ہمارا مضبوط مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت گزشتہ ایک صدی کی غیر معمولی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، اس لیے دونوں ممالک کو طویل المدتی اسٹریٹجک نقطۂ نظر اپنانا چاہیے اور اپنی روایتی دوستی کو نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہیے۔
چینی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات خطے میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے حکمران جماعتوں کے درمیان تبادلوں، سفارت کاری، قانون نافذ کرنے والے اداروں، فوجی امور اور طرزِ حکمرانی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ شی جن پنگ نے معیشت و تجارت، زراعت، تعمیرات، سائنس و ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں عملی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے سرحدی راستوں کی دوبارہ بحالی، شہری ہوا بازی کی پروازوں اور بین الاقوامی مسافر ٹرین سروسز کی بحالی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی روابط بڑھانے کی بھی اپیل کی۔ دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے چین اور شمالی کوریا کے تعلقات کو ’’ناقابلِ شکست‘‘ اور ’’وقت کی آزمائش میں کامیاب‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ’’شمالی کوریا اور چین کے تعلقات ہمیشہ تاریخ کے درست رخ پر رہے ہیں اور خودمختاری و انصاف کی حمایت کرتے رہے ہیں۔‘‘ کم جونگ اُن نے کہا کہ شمالی کوریا کے متعلقہ ادارے اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر معیشت و تجارت، بنیادی ڈھانچے، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی و ثقافتی تبادلوں میں مزید پیش رفت کے لیے کام کریں گے۔
شی جن پنگ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پیانگ یانگ اور ماسکو کے درمیان فوجی تعلقات بھی تیزی سے مضبوط ہو رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 2024ء میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے دورۂ شمالی کوریا کے دوران دونوں ممالک نے باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔