کیپیٹل ہل تشددکی تحقیقات کے لئے کمیشن:امریکی کانگریس اسپیکر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-02-2021
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی

 

 

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے واضح کیا ہے کہ کیپیٹل ہل تشدد معاملے کی جانچ کے لئے نائن الیون طرز کا کمیشن بنایاجائے گا۔انھوں نے ڈیموکریٹس کو خط لکھاہے جس میں یہ بات کہی گئی ہے۔انھوں نے لکھا ہے کہ ایوان اس معاملے پر جلد قانون سازی کرے گا تاکہ کیپیٹل ہل پرحملے کی تحقیقات کی جاسکے اور حقائق سامنے آئیں۔

انہوں نے خط میں کہا کہ کیپیٹل ہل کی سکیورٹی بڑھانے کے لیے رقم بھی مختص کی جائے گی۔ نینسی پلوسی نے یہ اقدام سابق صدر ٹرمپ کے سینیٹ سے مواخذے میں ناکامی پر کیا ہے۔ واضح رہےکہ امریکی پارلیمنٹ کیپیٹل ہل پر حملے کے نتیجے میں ٹرمپ کے حامی عمارت کے اندر گھس گئے تھے اور اس دوران پرتشدد واقعات دیکھنے میں آئے تھے۔اس سے پہلے امریکی محکمہ انصاف کہ چکاہے کہ کانگریس کی عمارت پر حملے اور ہنگامہ آرائی میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ انصاف کا کہنا تھا کہ بغاوت اور سازش پر اکسانے کے مقدمات کی پیروی کررہے ہیں جس کی سزا 20 سال قید ہے جب کہ ایف بی آئی نے حملے کے 160 کیسز کھول دیے ہیں جس کے بعد مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ جب کہ دوسری طرف سابق صدر ٹرمپ مواخذے کی کاروائی میں بچ گئے ہیں جس پر موجودہ صدر بائیڈن نے افسوس ظاہرکیا تھا۔ (ایجنسی جن پٹ)