برطانوی پارلیمنٹ: پاکستانی وزیر کی تلاشی کا تنازعہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-12-2021
برطانوی پارلیمنٹ: پاکستانی وزیر کی تلاشی کا تنازعہ
برطانوی پارلیمنٹ: پاکستانی وزیر کی تلاشی کا تنازعہ

 

 

لندن: پاکستان کے ایک وزیر کو برطانیہ میں زبردست ذلت کا سامنا کرنا پڑا ،جب برطانوی پارلیمنٹ پہنچے تو انہیں تلاشی دینے کا حکم ملا۔ پاکستانی وزیر کی رسوائی کی اس خبر پر اب خوب ہنگامہ برپا ہے۔ دراصل پاکستان کے وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ برطانوی اراکین پارلیمان کی ملاقات کی دعوت پر جب وہ برطانوی پارلیمنٹ پہنچے تو ان سے تلاشی دینے کا مطالبہ کیا گیا جس پر وہ واپس چلے آئے کیوں کہ یہ پروٹوکول کے خلاف تھا، تاہم ان کی ملاقات کروانے والے میزبان کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال اتنی پیچیدہ نہیں تھی۔

پاکستانی وزیر علی زیدی نے برطانیہ میں کہا کہ جب میں واپس چلا گیا تو ان کی جانب سے فون پر رابطہ ہوا کہ پروٹوکول میں غلطی ہو گئی تھی۔ پھر انھوں نے مجھے دوبارہ مناسب طریقے سے اندر بلایا۔

علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ اگر مجھے ملاقات کے لیے بلایا گیا تھا وہ بطور 23 کروڑ عوام کے وفاقی وزیر کی حیثیت سے بلایا تھا۔ میں ایک عام شہری کی طرح ان سے ملنے نہیں گیا تھا۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کرانے والے پاکستانی نژاد برطانوی تاجر چوہدری اظہر محمود کا کہنا ہے کہ ’صورتحال اتنی پیچیدہ نہیں تھی جتنی بیان کی گئی ہے۔

گذشتہ چند دنوں سے انٹرنیٹ پر پاکستانی وفاقی وزیر کی لندن کی پارلیمنٹ کے باہر کی ویڈیو گردش کر رہی ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہیں پارلیمنٹ میں داخل ہوتے وقت تلاشی کو کہا گیا جس پر انہوں نے انکار کردیا۔

علی زیدی ملاقات کے لیے پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ داخلے سے پہلے سب کی تلاشی ہو رہی ہے۔ اس پر انھوں نے موقف اختیار کیا کہ کیوں کہ وہ وفاقی وزیر ہیں اس لیے ان کی تلاشی نہیں ہونی چاہیے۔

 اس پر وہاں موجود سارجنٹ کو مطلع کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہاں ایک علیحدہ راستہ ہے جہاں سے گاڑی میں بیٹھ کر جایا جا سکتا ہے۔ وہاں سے علی زیدی کا داخلہ ہو گیا۔