بائیڈن۔ شی کے درمیان ٹیلی فون پر پہلی بات چیت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-02-2021
امریکا چین دائو پینچ
امریکا چین دائو پینچ

 

واشنگٹن ۔ آج امریکی صدر جوبائیڈن نے صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ چین میں اپنے ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کی،جس میں ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز کارکنوں کے خلاف بیجنگ کے کریک ڈاؤن اور انسانی حقوق سے متعلق امور پر اپنے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

جوبائیڈن نے شی چن پنگ سے دوطرفہ تجارتی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے ایسے وقت پر گفتگو کی جب چین میں امریکی قومی سلامتی کی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لیے پینٹاگون ٹاسک فورس کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔‎ علاوہ ازیں امریکی صدر، میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد فوجی حکومت کے خلاف پابندیاں عائد کررہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ جوبائیڈن نے بیجنگ کے 'زبردستی اور غیر منصفانہ معاشی طریقوں' کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ جوبائیڈن نے چینی صدر سے مغربی صوبے سنکیانگ میں ایغور اور نسلی اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں اور تائیوان کے خلاف بیجنگ کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔جوبائیڈن نے ٹیلی فون گفتگو کے بعد ٹوئٹر پر کہا کہ 'میں نے شی چن پنگ سے کہا کہ امریکی عوام کو فائدہ پہنچا تو بیجنگ کے ساتھ کام کروں گا'۔

اس ضمن میں چین کے ریاستی نشریاتی ادارے 'سی سی ٹی وی' نے دونوں صدور کے مابین ہونے والی گفتگو کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شی چن پنگ نے تسلیم کیا کہ دونوں فریقین کے آپس میں اختلافات ہیں اور ان اختلافات کو حل کرنا چاہیے لیکن مجموعی طور پر تعاون پر زور دیا گیا۔سی سی ٹی وی نے کہا کہ چینی صدر نے تائیوان، ہانگ کانگ اور سنکیانگ سے متعلق جوبائیڈن کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملات چین کے داخلی امور ہیں اور چینی خودمختاری کے دائرے میں آتے ہیں۔شی چن پنگ کے حوالے سے کہا گیا کہ 'امریکا کو چین کے بنیادی مفادات کا احترام کرنا چاہیے اور محتاط رویے کے ساتھ کام کرنا چاہیے'۔ خیال رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تعلقات رواں برس متعدد معاملات پر تنزلی کا شکار رہے جس میں تجارت، ٹیکنالوجی، کورونا وائرس اور چین کا جنوبی چینی سمندر پر دعویٰ اور ہانگ کانگ میں سیکیورٹی قانون نافذ کرنا شامل ہے۔