حج کا آغاز : عازمین حج منٰی میں، لبیک کی صدائیں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2022
 حج کا آغاز :  عازمین حج منٰی میں، لبیک کی صدائیں
حج کا آغاز : عازمین حج منٰی میں، لبیک کی صدائیں

 


 مکہ : دس لاکھ عازمین حج لبیک کی صداؤں میں منٰی پہنچ گئے۔۔ عازمین آج رات منٰی میں خیموں میں قیام کریں گے۔ عازمین کل میدان عرفات روانہ ہوں گے خطبہ حج سنیں گے۔ خطبہ حج ہرسال کی طرح مسجد نمرہ سے دیا جائے گا۔عازمین کوبہت زیادہ پانی پینے اورسفرکے دوران پانی کا وافرذخیرہ رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

حرمین شریفین کے امورکی نگراں وزارت کے مطابق منٰی میں عازمین حج کے لئے محفوظ اورآرام دہ خیموں کا شہر آباد کردیا گیا ہے۔

منیٰ کو مناسک حج کے حوالے سے اہم ترین مقام سمجھا جاتا ہے۔ منیٰ حرم کی حدود میں مزدلفہ اور مکہ کے درمیان واقع ہے۔

یہ مسجد حرام کے شمال مشرق میں سات کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ منیٰ کا مقام شمال اور جنوب کی سمت میں پہاڑوں کے درمیان گھرا ہوا ہے۔

منیٰ کے مکہ کی سمت میں جمرہ العقبہ واقع ہے جب کہ مزدلفہ کی سمت میں وادی محسر واقع ہے۔ منیٰ کئی حوالوں سے اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں پر جسر جمرات اور مسجد الخیف واقع ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آٹھ ذی الحج کو حجۃ الوداع کا خطبہ ارشاد فرمایا تھا۔

منیٰ میں موجود مسجد البیعہ خاص اس مقام پر تعمیرکی گئی ہے جہاں اسلام کی پہلی بیعت لی گئی۔ تاریخی مقامات میں جبل المرسلات ہے جہاں پر سورہ المرسلات نازل ہوئی۔ مورخ بتاتے ہیں کہ منیٰ کے تاریخی مقامات میں جبل ثبیر نامی ایک پہاڑ 

اس کی چوٹی پر اس وقت منیٰ پل تعمیر کیا گیا ہے اور وہاں پر حجاج کرام کے خیمے ہیں۔ یہ وہ مقام ہے جہاں سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے حضرت اسماعیل کو اللہ کی راہ میں ذبح کرنے کا ارادہ کیا مگر ان کی جگہ اللہ نے جنت سے ایک مینڈھا اتارا تھا۔

منیٰ میں ایک کنواں ہے جسے عین زبیدہ کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں پر پرانے چشموں کا ایک مجموعہ بھی ہے۔ ان میں ایک مشہور بئر کدانہ کہلاتا ہے۔ مشعر منیٰ تاریخی بازاروں کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے۔ تاریخی بازاروں میں سوق العرب ایک ایسا بازار ہے جہاں سے صدیوں سے حجاج کرام تحائف خرید کرتے ہیں۔ منیٰ میں حجاج آج رات قیام کے بعد کل صبح عرفات کا رخ کریں گے۔

awaz

رات کا منظر


لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا اور ان میں سے بہت سوں نے سورج کی تپش سے بچنے کے لیے چھاتے تھام رکھے ہیں۔

 مکہ سے مدینہ تک بہترین انتظامات

زائرین کی سہولت کے لیے میں سعودی عرب کی وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 ہسپتال اور 147 طبی مراکز قائم کیے ہیں۔علاوہ ازیں منیٰ میں بھی 26 طبی مراکز خدمات کے لیے تیار ہیں جہاں انتہائی نگہداشت کے لیے 100 بستر جبکہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والوں کے لیے 200 بستر موجود ہیں جبکہ حجاج کی دیکھ بھال کے لیے وہاں طبی عملے کے 25 ہزار افراد موجود ہیں۔

منیٰ کے خیمے فائر پروف مواد سے تیار کردہ ہیں۔ یہ اے سی کے  جدید ترین سسٹم سے آراستہ ہیں۔

میدان عرفات کے لیے روانگی

حج 1443ھ  کے لیے آج 8 ذی الحجہ  1443ھ مطابق 7 جولائی 2022 کو زائرین منی پہنچے ہیں۔ جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گے۔ حجاج کرام 9 ذی الحجہ کو فجر ادا کرکے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے۔ وہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف ادا کریں گے۔

حاجی حضرات 10،  11 ،  12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منی میں رہیں گے۔ بیشتر حاجی  12 ذی الحجہ کو منیٰ سے نکل جائیں گے ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی  13 ذی الحجہ کو منی سے رخصت ہوں گے۔

مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے انتظامات

سعودی ریلوے لائن کمپنی ’سار‘ نے کہا ہے کہ حج 1443ھ  کے لیے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کی آمدورفت کے لیے ٹرین انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

تجرباتی  طور پر ٹرین منیٰ سے مزدلفہ اور عرفات اور وہاں سے منیٰ کا سفر کیا گیا۔  ان مقامات پر ٹرین کے  9 سٹیشن ہیں۔ تین عرفات، تین مزدلفہ اور تین منیٰ میں ہیں۔ آخری سٹیشن جمعرات پل کی چوتھی منزل پر ہے۔

مسجد الحرام میں 250 دیوہیکل ’پھوار‘ پنکھے

حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حج پر آنے والوں کی خاطر مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کی آب وہوا خوشگوار بنانے کے لیے 250 دیوہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے ہیں۔ ان سے پانی کی پھوار چھوڑی جاتی  ہےتاکہ گرمی کی شدت کم ہو۔

 پھوار چھوڑنے والے دیوہیکل پنکھوں کی بدولت حرم شریف اور اس کے صحنوں کا درجہ حرارت کم ہوجاتا ہے جبکہ سورج کی تپش کم ہوجاتی ہے۔

مشاعر مقدسہ میں 5 ہزار مرد و خواتین سکیورٹی گارڈز

حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے کہا ہے کہ اس سال منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں  کے خیموں کی نگرانی کے لیے پانچ ہزار سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔ ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق  العمیری نے بتایا کہ اندرون مملکت سے حج کرانے والے معلمین نے سیکیورٹی گارڈز کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔

 یہ کمپنیاں داخلی معلمین کو منی کے خیموں، منی ٹاورز، عرفات کے خیموں اور مزدلفہ میں حاجیوں کی موجودگی کے دوران رات کے وقت ان کی رہائش کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی گارڈز فراہم کریں گی۔