آسٹریلیا:دوسانج کے کنسرٹ میں خالصتانیوں کا ہنگامہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-11-2025
آسٹریلیا:دوسانج کے کنسرٹ میں خالصتانیوں کا ہنگامہ
آسٹریلیا:دوسانج کے کنسرٹ میں خالصتانیوں کا ہنگامہ

 



میلبورن: ہزاروں ہند نژاد آسٹریلوی شہریوں کے لیے جمعے کی رات موسیقی اور فخر کا لمحہ بننے والی تھی، مگر اچانک حالات میلبورن کے اے اے ایم آئی (AAMI Park) اسٹیڈیم کے باہر کشیدہ ہو گئے۔ بھارت میں پابندی عائد دہشت گرد تنظیم “سکھس فار جسٹس” (SFJ) کے حامی وہاں پہنچ گئے اور زور دار نعرے بازی کرنے لگے، ساتھ ہی انہوں نے دلجیت دوسانجھ کے شو کو بند کرانے کی دھمکی بھی دی۔

کنسرٹ کے لیے آنے والے کئی افراد اس ہنگامے کو دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ لوگ لاؤڈ اسپیکر پر گالیاں دے رہے تھے اور کنسرٹ میں شریک سکھ مداحوں کو “غدار” کہہ رہے تھے۔

میلبورن کی سکھ برادری اس واقعے پر سخت ناراض ہے۔ اسٹیڈیم کے باہر ایک فلیش موب ڈانس (فوری عوامی رقص مظاہرہ) کا پروگرام طے تھا، لیکن اسے بھی منسوخ کرنا پڑا۔ کئی لوگ پولیس کی کارروائی سے بھی ناخوش دکھائی دیے۔

دراصل “سکھس فار جسٹس” نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ 1 نومبر کے کنسرٹ کو “شٹ ڈاؤن” کے ذریعے روکیں گے، کیونکہ یہ تاریخ مبینہ طور پر “سکھ نسل کشی یادگاری مہینے” سے جڑی ہے۔ اس تنظیم نے دلجیت دوسانجھ پر سکھ متاثرین کے ساتھ غداری کا الزام لگایا تھا، کیونکہ انہوں نے اداکار امیتابھ بچن کو ایک تقریب میں اعزاز دیا تھا۔

مشہور گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کو حال ہی میں خالصتانی حامیوں کی جانب سے دھمکیاں ملی تھیں۔ اس کے باوجود انہوں نے کہا کہ وہ ہر حال میں محبت اور اتحاد کا پیغام دیتے رہیں گے۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دلجیت نے برسبین میں اپنے حالیہ کنسرٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ محبت اور یکجہتی کی بات کرتے نظر آئے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہمیشہ محبت کی زبان بولنی چاہیے اور ان کے لیے پوری زمین ایک ہے۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب دلجیت دوسانجھ نے کون بنےگا کروڑپتی (KBC) کے سیٹ پر امیتابھ بچن کے پاؤں چھوئے۔ تنظیم نے اس عمل کو قابلِ اعتراض قرار دیا اور کہا کہ یہ 1984 کے سکھ مخالف فسادات کے متاثرین کی توهین ہے۔ اسی بنیاد پر “سکھس فار جسٹس” نے دلجیت دوسانجھ کے خلاف چتاؤنی (وارننگ) جاری کی تھی۔