فلپائن میں طاقتور زلزلہ، کم از کم 15 افراد ہلاک، 129 زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2026
فلپائن میں طاقتور زلزلہ، کم از کم 15 افراد ہلاک، 129 زخمی
فلپائن میں طاقتور زلزلہ، کم از کم 15 افراد ہلاک، 129 زخمی

 



 منیلا: فلپائن میں آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہو گئی ہے جبکہ کم از کم 129 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اماراتی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق یہ معلومات فلپائن کے دفتر برائے شہری دفاع کے حکام نے فراہم کی ہیں۔

شہری دفاع کے مقامی ڈائریکٹر روڈریگو سوسمینا نے بتایا کہ 15 میں سے 12 ہلاکتیں سوکسکسرجن خطے میں رپورٹ ہوئی ہیں۔ یہ خطہ جنوبی کوتاباتو، سلطان قدرت، سارانگانی اور جنرل سانتوس سٹی سمیت چار صوبوں اور ایک شہر پر مشتمل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی خطے میں کم از کم 129 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

فلپائن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سماجی بہبود اور ترقی کے محکمے کے سیکریٹری ریکس گیچالیان نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ فوری رابطے اور امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کے پاس متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے منڈاناؤ میں 11 لاکھ سے زائد غذائی پیکٹ موجود ہیں۔

محکمہ کی ڈیزاسٹر رسپانس مینجمنٹ گروپ نے بتایا کہ ملک بھر میں 47 لاکھ سے زائد غذائی پیکٹ پہلے سے محفوظ رکھے گئے ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر تقسیم کیے جا سکتے ہیں۔

ریکس گیچالیان نے کہا کہ محکمہ پورے منڈاناؤ میں متاثرہ خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ تمام علاقائی دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور سماجی کارکنوں کو امدادی مراکز میں تعینات کریں۔

انہوں نے متعلقہ دفاتر کو موبائل کمانڈ سینٹرز، موبائل کچن اور دیگر ضروری آلات و وسائل فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں روانہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

دوسری جانب فلپائن کی قومی پولیس نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور امدادی تیاریوں کا عمل مسلسل جاری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

فلپائن کے صدر Ferdinand Marcos Jr. نے پیر کی صبح اعلان کیا کہ دفتر برائے شہری دفاع اور قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل سمیت تمام ہنگامی اداروں کو فعال کر دیا گیا ہے۔

حکام نے سارانگانی، داواؤ آکسیڈینٹل، تاوی تاوی اور سولو سمیت نو صوبوں کے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر بلند مقامات یا اندرونِ ملک محفوظ علاقوں میں منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔

زلزلے کے بعد انڈونیشیا کے شمالی سولاویسی، شمالی گورونتالو اور سانگہے جزائر کے بعض علاقوں میں بھی انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ جاپان، فلپائن اور انڈونیشیا کے حکام نے خطرناک سمندری لہروں کے خدشے کے پیش نظر ساحلی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔

امریکہ کے پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ فلپائن کے ساحلی علاقوں میں تین میٹر تک بلند سونامی لہریں پہنچ سکتی ہیں جبکہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض علاقوں میں ایک میٹر تک بلند لہروں کا امکان موجود ہے۔