جب تک زندہ ہوں، پیچھے نہیں ہٹوں گا- عمران خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2022
 جب تک زندہ ہوں، پیچھے نہیں ہٹوں گا- عمران خان
جب تک زندہ ہوں، پیچھے نہیں ہٹوں گا- عمران خان

 

 

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ان پر قاتلانہ حملہ باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے کیا تھا اور اس کا الزام کسی مذہبی انتہا پسند پر ڈالا جائے گا اور یہ بات انہیں معلوم تھی۔ عمران خان نے ایک بار پھر اس بات عزم کیا کہ ان کا ’حقیقی آزادی مارچ‘ نہیں رکے گا۔

انہوں نے ایک بار پھر پاکستانی فوج کے اعلی حکام پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے عمران خان کے قتل کا منصوبہ بنایا جبکہ اس معاملے میں پاکستان فوج کئی بار یہ کہہ چکی ہے کہ اسے سیاست میں نہیں گھیسٹا جائے تاکہ وہ اپنا کام یکسوئی کے ساتھ کر سکے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہویے کہا کہ ’قوم اپ کی طرف دیکھ رہی ہے کہ ملک کا سابق وزیر اعظم اپنی ایف آئی آر درج نہیں کراسکا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ’میں چاہتا ہوں کہ آپ اس پر ایکشن لیں۔ قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔‘ ’شہباز گل اور اعظم سواتی پر زیر حراست تشدد کیا گیا اور سواتی کی ویڈیو جاری کی گئی۔ کب اس ملک کا انصاف کا نظام ہماری حفاظت کرے گا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ’چیف جسٹس صاحب کو چار چیزیں دیکھنی ہوں گی۔ نمبر ایک مجھ پر حملہ، اعظم سواتی اور شہباز گل پر تشدد اور ارشد شریف کا قتل۔عمران خان کا کہنا ہے کہ ’چیف جسٹس صاحب اس ملک کی عدلیہ کو ساری قوم دیکھ رہی ہے۔ یہ اس ملک کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔‘ ’جب تک میں زندہ ہوں جب تک میں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ میں پنڈی جاؤں گا۔ جب یہ قافلہ پنڈی پہنچے گا تو میں اس کا وہاں استقبال کروں گا اور میں سب کو اس ’حقیقی آزادی مارچ‘ میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔