بکنگھم پیلس پر مشتعل ہجوم کاحملہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-08-2021
بکنگھم پیلس پر مشتعل ہجوم کاحملہ
بکنگھم پیلس پر مشتعل ہجوم کاحملہ

 


لندن

بکنگھم پیلیس پر مشتعل ہجوم نے حملہ کرنے سے افرا تفری پیدا ہوگئی ہے۔

معدوم بغاوت کے مظاہرین نے لندن میں ملکہ برطانیہ کے گھر بکنگھم پیلس کے سامنے والے دروازے پر افراتفری مچا دی اور پیلس سے کچھ دور ملکہ وکٹوریہ میموریل کو لال رنگ سے رنگ دیا۔

یہ مظاہرین جانوروں کے شکار کے خلاف احتجاج کررہے تھے انہوں نے ہاتھوں میں کچھ پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ ’رائل بلڈ باتھ‘، مظاہرین کی جانب سے پیلس کے سامنے وکٹوریہ میموریل میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

معدوم بغاوت کے مظاہرین کے ترجمان ہارلے میک ڈونلڈ ایکرسل کا کہنا ہے کہ ’کراؤن اسٹیٹ جس کی ملکہ برطانیہ مالک ہیں وہ برطانیہ میں سب سے بڑا زمیندار ہے اور اس زمین کو جانوروں کے شکار کے لیے استعمال کرتا ہے، جو نا صرف ہمارے ماحول کو تباہ کررہا ہے بلکہ ہر سال لاکھوں جانوں کی موت کا سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ وقت ہے کہ انصاف اور ہمدردی پر مبنی ایک نئے نظام کو لایا جائے اور شاہی خاندان کو اس کے لیے راہنمائی کرنی چاہیے۔‘

معدوم بغاوت کے مظاہرین، جوکہ ’پلانٹ بیسڈ فوڈ سسٹم‘ کے لیے مہم چلاتے ہیں، ان کی دو ہفتے سے جاری ’سول نافرمانی کی مہم‘ لندن میں افراتفری کا باعث بن رہی ہے۔

خیال رہے کہ شاہی خاندان کو نشانہ بنانے کا یہ عمل شہزادہ چارلس کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کارروائی کے لیے نکالی جانے والی ایک ریلی کے بعد شروع ہوا ہے۔