پیانگ یانگ
چائنا ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا اور چین نے اپنی دوستی کے معاہدے کے 65 سال مکمل ہونے کے موقع پر باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ دونوں ممالک نے اقتصادیات، بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ فوجی اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جنپنگ نے پیانگ یانگ کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ گزشتہ سات برسوں میں ان کا شمالی کوریا کا پہلا دورہ تھا۔
تعلقات کے "نئے دور" کا آغاز
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے اعلیٰ سطحی تزویراتی رابطوں کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پیانگ یانگ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، جسے انہوں نے چین اور شمالی کوریا کے تعلقات کا "نیا دور" قرار دیا۔
شی جن پنگ نے کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلیوں کے باوجود چین کی کمیونسٹ پارٹی اور چینی حکومت، چین اور شمالی کوریا کے درمیان روایتی دوستی کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی حالات خواہ کتنے ہی تبدیل ہو جائیں، چین اور ڈی پی آر کے کی روایتی دوستی کو غیر معمولی اہمیت دینے کے حوالے سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور چینی حکومت کا مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔
عالمی تبدیلیوں کے تناظر میں تعاون بڑھانے پر زور
شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا اس وقت "ایک صدی میں نہ دیکھے گئے بڑے تغیرات" سے گزر رہی ہے، اس لیے دونوں ممالک کو طویل المدتی تزویراتی وژن اپنانا چاہیے اور اپنی روایتی دوستی کو نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہیے۔ان کے مطابق مضبوط دوطرفہ تعلقات خطے میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
چینی صدر نے حکمران جماعتوں کے درمیان روابط بڑھانے، سفارت کاری، قانون نافذ کرنے والے اداروں، فوجی امور اور حکمرانی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے معیشت، تجارت، زراعت، تعمیرات، سائنس و ٹیکنالوجی اور صحت جیسے شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے کی اپیل بھی کی۔
سرحدی آمدورفت اور سفری رابطوں کی بحالی
چائنا ڈیلی کے مطابق شی جن پنگ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ سرحدی گزرگاہوں کو دوبارہ کھولنے اور شہری ہوائی پروازوں اور بین الاقوامی مسافر ٹرین سروس کی بحالی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی روابط کو مزید فروغ دیا جائے۔
کم جونگ اُن: چین-شمالی کوریا دوستی ناقابلِ شکست
اس موقع پر کم جونگ اُن نے چین اور شمالی کوریا کے تعلقات کو "ناقابلِ شکست" اور "وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والا" قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا اور چین کے تعلقات ہمیشہ تاریخ کے درست رخ پر قائم رہے ہیں اور خودمختاری اور انصاف کی حمایت کرتے آئے ہیں۔
کم جونگ اُن نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کے متعلقہ ادارے اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر تجارت، بنیادی ڈھانچے، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔
روس کے ساتھ بڑھتے تعلقات کے درمیان دورہ
شی جن پنگ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پیانگ یانگ اور روس کے درمیان فوجی تعلقات تیزی سے مضبوط ہو رہے ہیں۔شمالی کوریا اور روس نے 2024 میں پوتن کے پیانگ یانگ دورے کے دوران ایک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
چینی صدر کا یہ دورہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیجنگ دورے اور اس کے بعد ولادیمیر پوتن کے چینی دارالحکومت کے دورے کے بعد سامنے آیا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں بھی ہوئی ہے جب چین نے الزام عائد کیا ہے کہ جاپان ایک "نئی عسکریت پسندی" کی پالیسی اختیار کر رہا ہے، تاہم ٹوکیو نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔