امریکی جمہوریت ’غیر محفوظ ‘: جو بائیڈن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-02-2021
امریکی صدر جو بائیڈن
امریکی صدر جو بائیڈن

 

واشنگٹن ۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں جمہوریت غیر محفوظ نظر آرہی ہے- انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ ’بغاوت پر اکسانے‘ کے الزام سے بری ہو گۓ ہیں لیکن کانگریس پر مظاہرین کے حملوں سے واضح ہو گیا ہے کہ ملک میں جمہوریت ’نازک‘ حالت میں ہے۔

واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گزشتہ روز مواخذے کی کارروائی میں الزامات سے بری کر دیا گیاتھا ۔ صدر جو بائیڈن نے یہ بیان سابق صدر کے بری ہونے کے بعد دیا ہے۔ صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں ہونے والے حتمی ووٹ نے ٹرمپ کو سزا یافتہ نہیں قرار دیا، لیکن الزامات کے متن پر کوئی تنازع نہیں ہے۔ یاد رہے کہ مواخذے کے لئے ہونے والی ووٹنگ میں امریکی سینیٹ میں 57 سینیٹرز نے انھیں سزا دینے کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 43 سینیٹرز نے اس کے خلاف ووٹ ڈالا تھا۔

مواخذے کے لیے دو تہائی اکثریت یعنی 67 ووٹ درکار تھے۔ صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’امریکی تاریخ کے اس افسوسناک باب نے ہمیں اس بات کی یادہانی کروائی ہے کہ جمہوریت ’نازک‘ ہے، اس کا ہمیشہ دفاع کرنا چاہیے، ہمیں ہمیشہ چوکنا رہنا چاہیے۔‘ یاد رہے کہ 6 جنوری کو ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا، جس میں چار افراد ہلاک اور 52 گرفتار ہوئے تھے۔ صدر ٹرمپ پر اپنے حامیوں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔