’عمران خان کے ساتھ ان کی بیگم بھی ’کورونا پازیٹیو

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-03-2021
پی ایم ہاوس پر آفت
پی ایم ہاوس پر آفت

 

 

نئی دہلی ۔ لاہور

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے بعد ملک کی خاتون اوّل بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں۔ ٹویٹر پر پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان اور خاتون اوّل کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ اللہ تعالیٰ دونوں کو شفاء دے۔

انہوں نے لکھا کہ ویکسین محفوظ ہے اس کا استعمال کریں، وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کا شکار ہونے سے چند روز قبل ویکسین لگوا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خود ویکسین لگوائیں اور اپنے پیاروں کو بھی لگوائیں اس کےساتھ جعلی خبروں کے ساتھ لڑائی لڑیں۔

 

اس خبر کے بعد اب پاکستان میں سیاستداں دونوں کی صحت یابی کےلئے نیک خواہشیات کا اظہار کررہے ہیں۔ دوسری جانب ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اپنے ٹیوٹر پیغام میں عمران خان کی صحت یابی کی دعا کی ہے۔

 

 

پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 42 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 799 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 23 ہزار 135 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 876 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔۔ ملک بھر میں اب تک 97 لاکھ 32 ہزار 33 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 946 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 79 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 122 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 42 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 799 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 944، سندھ میں 4 ہزار 478، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 202، اسلام آباد میں 539، بلوچستان میں 203، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 330 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔