القاعدہ افغانستان کے 15 صوبوں میں موجود ہے:اقوام متحدہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2021
القاعدہ افغانستان کے 15 صوبوں میں موجود ہے:اقوام متحدہ
القاعدہ افغانستان کے 15 صوبوں میں موجود ہے:اقوام متحدہ

 

 

جنیوا

سلامتی کونسل کے لیے تیار کردہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان کے مشرقی، جنوبی اور جنوب مشرقی کم سے کم 15 صوبوں میں القاعدہ موجود ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کونسل کو ارسال کردہ ’تجزیاتی معاونت اور پابندیوں کی نگرانی‘ کرنے والی ٹیم کی 28ویں رپورٹ میں داعش، القاعدہ اور ان سے وابستہ گروہ سے متعلق تازہ ترین معلومات پیش کی گئیں۔

یہ ٹیم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کی قرار داد کے تحت قائم کی گئی ہے اور اس کی رپورٹ عالمی ادارے کی تمام سرکاری زبانوں میں شائع ہوئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ سال فروری میں دوحہ میں ہونے والے امریکا اور طالبان کے امن معاہدے کے باوجود افغانستان میں سلامتی کی صورتحال ’نازک‘ ہے اور افغان امن عمل سے متعلق غیر یقینی صورتحال میں مزید بگاڑ کا خطرہ ہے۔

عسکریت پسند گروپ کے ہفتہ وار نیوز لیٹر ’تھابت‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ القاعدہ برصغیر پاک و ہند (اے کیو آئی ایس) طالبان کے تحفظ سے قندھار، ہلمند اور نمروز صوبوں سے کام کرتی ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اے کیو آئی ایس بنیادی طور پر افغان اور پاکستانی شہریوں پر مشتمل ہے جس میں بنگلہ دیش، بھارت اور میانمار کے افراد بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 30 مارچ کو صوبہ پکتیکا کے ضلع گیان میں اے کیو آئی ایس کے کمانڈر دولت بیک تاجکی کو افغان فورسز نے ہلاک کردیا تھا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ القاعدہ کی سربراہی کرنے والے ایمن الظواہری زندہ ہیں لیکن وہ بیمار ہیں اور مبینہ طور پر ان کے بعد سیف العدل القاعدہ کی کمان سنبھالیں گے جو ایران میں مقیم ہیں۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’رکن ممالک اس بارے میں مختلف آرا رکھتے ہیں کہ اگر ایمن الظواہری کی جگہ سیف العدل ہوں گے تو وہ کن امور کے بارے میں سوچیں گے‘۔ (ایجنسی ان پٹ )