انخلاکے بعد افغانستان بن سکتا ہے دہشت گردوں کا مرکز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-02-2021
نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ
نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ

 

 

برسلز: مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد (نیٹو) کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ مناسب وقت آنے سے قبل افغانستان سے فوج کا انخلا نہیں کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق نیٹو چیف نے خبردار کیا کہ غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد افغانستان عالمی دہشت گرد تنظیموں کا محفوظ ٹھکانہ بن سکتا ہے۔ افغانستان میں ہماری موجودگی مشروط ہے اور کوئی بھی اتحادی ضرورت سے زیادہ وہاں رہنا نہیں چاہتا۔ تاہم ہم مناسب وقت آنے تک افغانستان سے نہیں نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مئی میں مکمل اںخلا کی ڈیڈلائن پر عمل درآمد سے قبل طالبان کو امن معاہدے کے تحت مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس میں دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات منقطع کرنا اور انہیں کسی بھی قسم کی حمایت نہ دینا شامل ہیں۔ انہوں نے طالبان کی جانب سے دشمنی کے خاتمے کے ارادے پر شکوک و شبہات کا بھی اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات انتہائی نازک صورتِ حال اختیار کر گئے ہیں اور افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جن میں طالبان کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔ طالبان کو لازما تشدد کا خاتمہ کرنا ہو گا اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات اور معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد گروہوں کے ساتھ تعاون کو منقطع کرنا ہو گا۔ (ان پٹ ایجنسی)