افغانستان : طالبان نے زرینج اور جوزجان پر کیا قبضہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
زبردست جنگ اور مزاحمت
زبردست جنگ اور مزاحمت

 

 

کابل: طالبان نے سیکیورٹی فورسز سے گھمسان کی جنگ کے بعد افغانستان کے صوبے نمروز کے زرنج اور جوزجان کے دارالحکومت شبرغان کا کنٹرول حاصل کرلیا اور اب گورنر ہاؤس جنگجوؤں کے قبضے میں ہے۔

نمروز کے نائب گورنر حاجی نبی براہوی نے بتایا کہ ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے بعد طالبان نے صوبائی دارالحکومت زرنج پر قبضہ کرلیا جب کہ افغان فوج پسپائی اختیار کرتے ہوئے ضلع دلارام تک محدود ہوگئی۔

 نمروز پولیس نے شکوہ کیا ہے کہ جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ کے لیے فوج نہیں بھیجی گئی اور نہ ہی پولیس کے تازہ دم دستوں سے ہماری مدد کی گئی تاہم نمروز کے نائب گورنر کا دعویٰ ہے کہ صوبائی دارالحکومت سے طالبان کا قبضہ چھڑوالیا جائے گا۔ دوسری جانب دو روز کی گھمسان کی جنگ کے بعد طالبان نے افغان صوبے جوزجان کے دارالحکومت شبرغان کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا ہے۔ افغان صدر کے اتحادی وار لارڈ عبد الرشید دوستم کے گھر کو نذر آتش کردیا گیا۔

 ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ نمروز میں پولیس نے پسپائی اختیار کی یا ہتھیار ڈالا ہے۔ اس حوالے سے متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں۔ 2016 کے بعد طالبان پہلی بار کسی صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

 واضح رہے کہ پانچ برس قبل 2016 میں طالبان نے افغان صوبے قندوز کے دارالحکومت کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا لیکن جلد ہی اتحادی افواج نے قبضہ واگزار کرالیا تھا تاہم اب طالبان ہلمند، قندھار اور ہرات کے صوبائی دارالحکومتوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔