نئی دہلی
ہندوستان نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی موجودہ پابندیوں کے نظام میں افغانستان کی بدلتی ہوئی سیاسی حقیقتوں کو مدنظر رکھا جانا چاہیے اور صرف تعزیری اقدامات پر انحصار کرنے کے بجائے مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔اقوامِ متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے ہریش پروتھانی نے کہا، "ہم مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کی اہمیت پر ایک بار پھر زور دیتے ہیں۔ گزشتہ پانچ برسوں میں افغانستان کی سیاسی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اقوامِ متحدہ کے موجودہ پابندیوں کے نظام کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے۔"
پیر کے روز اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں "افغانستان کی صورتحال" پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروتھانی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کو ایسے پالیسی ذرائع کی ضرورت ہے جن کا مقصد افغانستان کے عوام کو فائدہ پہنچانا اور پالیسیوں کو درست سمت میں آگے بڑھانا ہو، نہ کہ صرف ایسے تعزیری اقدامات اختیار کرنا جن کے نتائج محدود ہوں۔
واضح رہے کہ طالبان کے متعدد رہنما، جنہوں نے اگست 2021 میں کابل کا کنٹرول سنبھالا تھا، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1988 طالبان پابندی کمیٹی کی فہرست میں شامل ہیں۔
گزشتہ سال اکتوبر میں طالبان پابندی کمیٹی نے طالبان رہنما اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی پر عائد سفری پابندی میں عارضی نرمی کی منظوری دی تھی۔ اسی رعایت کے تحت وہ بعد ازاں ہندوستان کے دورے پر بھی آئے تھے۔
ہریش پروتھانی نے کہا کہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان طویل عرصے سے قائم قریبی تعلقات اور تعاون کی تاریخ آج بھی دونوں ممالک کے تعلقات کی رہنمائی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے باوقار عوام نے اس صدی میں بے شمار مشکلات کا سامنا کیا ہے اور حکومتِ ہند ملک میں ترقی، استحکام اور امن کے فروغ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان عوام کے لیے ہندوستان کی صلاحیت سازی اور انسانی امداد کی کوششیں افغانستان کے تمام 34 صوبوں اور 500 سے زائد ترقیاتی شراکت داری منصوبوں میں دیکھی جا سکتی ہیں، جو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور تعاون کی عکاسی کرتی ہیں۔